
لاہور(آئی پی ایس)جیل بھرو تحریک کے تحت مختلف شہروں سے گرفتاریاں دینے والے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کو رہا کردیا گیا ہے۔
رہائی پانے والوں میں شاہ محمود قریشی، اسدعمر، اعظم سواتی، زلفی بخاری اور فیاض الحسن چوہان سمیت دیگر رہنما شامل ہیں ، تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے رہائی پانےوالے رہنماؤں کا پرتباک استقبال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کاکہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے حق کی فتح ہوئی ہے، 2018 میں ہماری جیت نا مکمل تھی جیسے اب مکمل کیا جائے گا ، جیل جانے سے ہمارے حوصلے مزید بلند ہوگئے ہیں۔
اسد عمر کا کہنا تھاکہ مجھے فخر ہے کہ میں نے پاکستان کے بہتر مستقبل کے لیے جیل کاٹی ہے ، 10 دن جیل میں رہنے سے ہم مزید مضبوط ہوگئے ہیں ، جیل بھرو تحریک کے دوران تحریک انصاف کے کارکنوں نے جو ہمت و حوصلہ دکھایا ہے وہ ہمارا فخر ہے۔