
اسلام آباد :اسلام آباد یونائیٹڈ گروپ (آئی یو جی) کے چیئرمین فیصل مزمل کھوکھر نے ایک تقریب میں اپنے ساتھیوں بشمول سید طالب حسین ہاشمی، ملک طارق جاوید، محمد اظہر، ملک ندیم کاکاذئی، حاجی عبدالرحمٰن مہمند، واجد الرحمٰن مہمند، احمد ترین، شیر محمد خان، چوہدری انصر فاروق، چوہدری راشد مزمل، شیخ فیصل اور افتخار احمد کیانی کے ہمراہ غیر مشروط طور پر فائونڈر گروپ میں شمولیت کا اعلان کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے غیر مشروط طور پر فائونڈر گروپ میں شمولیت پر آئی یو جی کے چیئرمین فیصل مزمل کھوکھر اوران کے ساتھیوں کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ انہوں نے تاجروں کے وسیع تر مفاد میں ایک دانشمندانہ فیصلہ کیا ہے کیونکہ تقسیم کی بجائے اتحاد کے ذریعے تاجروں کے مفادات کا بہتر تحفظ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کی خدمت اور ان کے مسائل کا حل ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ یہ تب ہی ممکن ہے جب اسلام آباد کے سب تاجروں کے درمیان اتحاد و اتفاق ہو۔
انہوں نے کہا آج کی یہ تقریب اس منزل کی طرف ایک اہم پیش رفت ہے۔ آج آئی یو جی نے فیصل مزمل کی قیادت میں فائونڈر گروپ میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہے جس کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں اور ان کی اس مثبت سوچ کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ ان کے اس اقدام سے تاجروں کے مسائل حل کرنے میں بہتری آئے گی ۔ تاجروں میں اتحاد و اتفاق آگے بڑھے گا ۔ ایسی سوچ اپنا کر ہم نہ صرف اسلام آباد کی بزنس کمیونٹی بلکہ پورے ملک کی بزنس کمیونٹی کی بہتر انداز میں خدمت کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا فیصل مزمل بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں اور ان کی شمولیت سے فائونڈر گروپ کو مزید تقویت ملے گی اور وہ ہمارے ساتھ مل کر اسلام آباد کی بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل میں موثر کردار ادا کریں گے۔
فیصل مزمل کھوکھر نے اپنے خطاب میں کہا کہ فائونڈر گروپ کی بہتر کاکردگی کے پیش نظر انہوں نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ غیر مشروط طور پر ان کے ساتھ شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے تا کہ متحد ہو کر تاجروں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ فائونڈر گروپ کے اراکین بشمول خالد اقبال ملک، خالد جاوید، ظفر بختاوری اور دیگر کی محبت نے ان کو اور ان کے ساتھیوں کو فائونڈر گروپ میں شمولیت پر آمادہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں تاجر برادری پہلے ہی گوں ناگوں مسائل سے دوچارہے اور ہم نے خواہ مخواہ تاجروں کو مختلف گروپوں میں تقسیم کیا ہوا ہے جو ان کے مفاد میں نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد فائونڈر گروپ میں شامل ہو کر اسلام آباد چیمبر آف کامرس کو مزید مضبوط کرنا ہے تا کہ یہ ادارہ مزیدبہتر انداز میں تاجروں کی خدمت کر سکے۔انہوں نے کہا کہ چیمبر کے صدر احسن ظفر بختاوری تاجروں کیلئے بہت اچھا کام کر رہے ہیں جس پر ہمیں پورا اعتماد ہے اور ہم ان کے ساتھ مل کر تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے ان کے ہاتھ مزید مضبوط کریں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فائونڈر گروپ میں ان کی شمولیت تاجروں و صنعتکاروں کیلئے ایک اچھی پیش رفت ثابت ہو گی۔
خالد اقبال ملک نے اپنے خطاب میںآئی یو جی کی فائونڈر گروپ میں شمولیت کا خیر مقدم کیا ۔انہوںنے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس ہم سب کی محنت و لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ 25سال پہلے چیمبر نے کرائے کے ایک کمرے سے اپنے سفر کا آغاز کیا تھا اور آج چیمبر کی اپنی 2ملٹی سٹوری بلڈنگز بن چکی ہیں ۔ جیسا جدید آڈیٹوریم اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے پاس ہے پورے پاکستان میں کسی چیمبر کے پاس ایسا اچھا آڈیٹوریم نہیں ہے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس نے پچھلے 25سالوں میں جہاں تاجروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے جدوجہد کی ہے وہاں تاجروں کے مفادات کو بہتر فروغ دینے کیلئے دو جدید بلڈنگز تعمیر کی ہیں اور یہ سب کچھ اسلام آباد کے تاجروں وصنعتکاروں کا اثاثہ ہے۔
چیمبر کے سابق صدر ظفر بختاوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ فیصل مزمل اسلام آباد کی بزنس کمیونٹی کا ایک چمکتا ہوا ستارہ ہیں ۔ فائونڈر گروپ میں شمولیت سے اس ستارے کی روشنی میںمزید اضافہ ہو گا۔ تاجروں کے اندر اتحاد و اتفاق بہت ضروری ہے اور ان میں حسد و بغض کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ ہم سب کو ایک ہو کر آگے بڑھنا چاہیے تبھی ہماری طاقت و قوت میں مزید اضافہ ہو گا اور ہماری آواز بہترطور پر سنی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ روز چیمبر میں بزنس رول ماڈلرز ایوارڈ کی تقریب منعقد کی گئی جس میں سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف مہمان خصوصی تھے۔ اس تقریب کا مقصد تاجروں کی عزت و وقار کو آگے بڑھانا اور معاشرے میں ان کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔
ہم سب مل کر انشاء اللہ اپنی عزت ووقار میں اضافے کیلئے کام کریں گے ، اپنے کاروباری معاملات کو بہتر کریں گے ، محنت و دیانتداری کے ساتھ مملکت خداد ادپاکستان کی ترقی کیلئے کام کریں گے اور پاکستان کی سالمیت کیلئے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آئی یو جی کی فائونڈر گروپ میں شمولیت سے اسلام آباد کی بزنس کمیونٹی کا اتحاد مضبوط ہو گا اور ان کی اہمیت میں اضافہ ہو گا۔ چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید، نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر، خالد جاوید، محمد اعجاز عباسی، میاں شوکت مسعود، سیف الرحمٰن خان، فصیح اللہ خان، اسد عزیز، زاہد قریشی اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔