
اسلام آباد (آئی پی ایس) احتساب عدالت نے ایل این جی ریفرنس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔
تفصیلات کے مطابق ایل این جی ریفرنس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، احتساب عدالت اسلام آباد نے عدم پیشی پر سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں، عدالت نے ملزمان کی عدم حاضری اور استثنیٰ کی درخواست دائر نہ ہونے پر وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔
ایل این جی ریفرنس میں شریک ملزمہ عظمیٰ عادل کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے ہیں۔اس سے قبل گزشتہ ماہ ایل این جی ریفرنس میں احتساب عدالت میں معاملہ زیر التوا ہونے کی وجہ سے شاہد خاقان عباسی کی فرد جرم میں ترمیم کی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ نے نمٹا دی تھی ۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں شاہد خاقان عباسی کی فرد جرم میں ترمیم اور مقدمے کا ریکارڈ حاصل کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی ۔جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے سماعت کی دوران سماعت شاہد خاقان عباسی کے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ کے معاون وکیل نے عدالت کے سامنے ہو کر موقف اختیار کیا احتساب عدالت میں بریت کی درخواست زیر التوا ہے ۔جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے کہ پھر تو آپ کی یہاں کی درخواست غیر موثر ہو گی اس بنیاد پر عدالت نے شاہد خاقان عباسی کی درخواست نمٹا دی۔





