پاکستانگلگت بلتستان

ججوں کی تقرری، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی درخواست پر اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری

اسلام آباد(آئی پی ایس)سپریم کورٹ نے گلگت بلتستان میں ججوں کی تقرری میں وزیر اعلی آفس سے مشاورت نہ کرنے کے معاملے کے خلاف وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی درخواست کی سماعت کے موقع پر وفاقی حکومت اور اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے یکم مارچ تک جواب طلب کر لیا ہے۔

 

عدالت عظمی میں معاملہ کی سماعت جسٹس اعجاز الحسن کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ دوران سماعت وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کے کونسل نے عدالت کے روبرو موقف اپنایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف گلگت بلتستان میں چیف جج اور سپریم اپیلیٹ کورٹ کے ججوں کی تقرری میں منتخب حکومت کو بائی پاس کررہے ہیں،گلگت بلتستان آرڈر 2018 کے مطابق کسی تقرری کے لیے گلگت بلتستان کی منتخب حکومت سے مشاورت ضروری ہے،

 

سپریم کورٹ میں مقدمہ زیر سماعت ہونے کے باوجود وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں مزید ججوں کی تعیناتی کررہی ہے،وزیر اعلی جی بی کے وکیل نے اس موقع پر عدالت عظمی سے استدعا کی کہ وزیر اعظم شہباز شریف کو گلگت بلتستان کی منتخب حکومت کی مشاورت کے بغیر ججوں کی تعیناتی سے روکا جائے۔

 

جسٹس مظاہر اکبر نقوی نے اس موقع پر پوچھا کہ کیا گلگت بلتستان میں ججوں کی تقرری پر چیف جسٹس آف پاکستان سے کوئی مشاورت نہیں ہوتی ؟ چیف منسٹر جی بی کے وکیل مخدوم علی خان نے اس موقع پر عدالت کو بتایا کہ قانون کے مطابق ججوں کی تقرری وزیر اعلیٰ کی سفارش پر گورنر نام وزیر اعظم کو بھیجے گا۔ عدالت عظمی نے اس موقع پر وفاقی حکومت اور اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے یکم مارچ تک جواب طلب کرتے ہوئے معاملہ کی سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کر دی ہے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker