
لاہور(آئی پی ایس) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے حفاظتی ضمانت پر دستخط کی تصدیق کیلئے آج لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ کر لیا۔
جسٹس طارق سلیم شیخ درخواست پر سماعت کریں گے، عمران خان کی جانب سے اظہر صدیق ایڈوکیٹ پیش ہوں گے۔
عمران خان کی لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے معاملہ پر چیئرمین پی ٹی آئی کی ذاتی سکیورٹی ٹیم نے ہائیکورٹ کا دورہ کیا، سکیورٹی ٹیم نے عدالت کے مرکزی گیٹس پر سکیورٹی چیک کی، سکیورٹی ٹیم نے ہائیکورٹ کے اندر بھی سکیورٹی کا جائزہ لیا۔
پی ٹی آئی کارکنوں کا سپیشل سکواڈ بھی ایکٹو، سابق وزیراعظم عمران خان کے ساتھ عدالت جائے گا۔دوسری جانب زمان پارک کے باہر تحریک انصاف کے کارکنان سرگرم ہیں، زمان پارک کے اطراف میں شدید نعرے بازی کی گئی۔
پی ٹی آئی کے ایک کارکن نے گھر کے اندر سے اجازت اور چیکنگ کے بغیر گاڑی اندر لے جانے کی کوشش تو وہاں موجود پولیس اہلکاروں نے اسے روک دیا، موقع پرموجود پولیس افسرنے کلیئرنس تک گاڑی اندر جانے دینے سے انکار کر دیا۔
پولیس پارٹی کو زمان پارک میں جانے سے روکنے پر پی ٹی آئی کارکنان اور پولیس میں تلخ کلامی اور دھکم پیل بھی ہوئی۔پولیس کا کہنا تھا کہ گاڑی کو اندر سے اجازت اور مکمل چیکنگ کے بغیر اندر نہیں جانے دے سکتے، بعدازاں عمران خان کے گھر زمان پارک سے اجازت ملنے پر گاڑی اندر چلی گئی۔
قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گاڑی کو ہائیکورٹ کے احاطے میں داخلے کیلئے اجازت کی درخواست مسترد کر دی ہے۔