اسلام آباد(آئی پی ایس)صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم یوتھ پروگرام میں انٹر پینور شپ کلچر کو فروغ دینے کا معاہدہ ہوا ہے ، 2023کا سال یوتھ ایئر کے طور پر منایا جا رہاہے اور ہم پیر سے یوتھ ویک کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن بختاوری نے کہا کہ نوجوانوں پر توجہ دے کر ملک کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے،آئی سی سی آئی اور پی ایم یوتھ پروگرام میں شراکت داری معاشی ترقی میں اضافہ کریگی، باصلاحیت نوجوانوں کو کاروبار کی طرف راغب کرنے کیلئے مل کر کام کرینگے۔
صدر اسلام آبادچیمبر نے کہاکہ پیر سے یوتھ ویک کا آغاز کرنے جا رہے ہیں،اسلام آباد چیمبر 5سو نوجوانوں کو سکالر شپ فراہم کرے گا،نوجوانوں کو مختلف انڈسٹریز میں ٹیکنیکل ٹریننگ دلوائی جائے گی،اچھے بزنس آئیڈیاز کے حامل نوجوانوں کو حکومت قرض فراہم کریگی۔
احسن ظفر بختاوری نے کہاکہ ٹاپ فائیو بزنس آئیڈیاز کو یو اے ای حکومت فنانس کریگی،اس سے نیچے ٹاپ 10کو حکومت پاکستان فنانس کریگی،اسلام آباد چیمبر بھی ان بزنس آئیڈیاز میں پارٹنر بنے گا۔
انہوں نے کہاکہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے یوتھ لون پروگرام کو 10سال مکمل ہو گئے،پروگرام کو کامیابی سے آگے بڑھانے پر وزیر اعظم اور معاون خصوصی شیزا فاطمہ قابل تعریف ہیں۔