
اسلام آباد (آئی پی ایس) پاکستان ورکرز فیڈریشن، عالمی ادارہ محنت اور لٹل آرٹ کے زیر اہتمام زراعت کے شعبے میں چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے تصویری نمائش منعقد کی گئی
جس میں عالمی ادارہ محنت کے کنٹری ڈائریکٹر، سی ڈی اے شعبہ انجینئرنگ کے ممبر سید منور شاہ،پاکستان ورکرز فیڈریشن و سی ڈی اے مزدور یونین سی بی اے کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین، جنوبی پنجاب کے صدر مختار اعوان، ڈائریکٹر سی ڈی اے عمر صغیر، پروجیکٹ آفیسر محمدفیصل، لٹل آرٹ کے محمد شعیب، ایجوکیشنل سیکرٹری اسد محمود، ٹریڈ یونینزسے وابستہ مزدور رہنماؤں، ورکرز ویلفیئر بورڈ کے سکول کے بچوں نے خصوصی طورپر شرکت کی
، اس موقع پر بچوں نے بنائی گئی تصاویر کے حوالے سے شرکاء کو بتایا اور چائلڈ لیبر کی نشاندی کی گئی،پاکستان ورکرز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین اور جنوبی پنجاب کے صدر ملک مختار اعوان نے کہا کہ پاکستان ورکرز فیڈریشن مزدوروں کی نمائندہ تنظیم ہے جس کا مقصد مزدوروں کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کا تحفظ کرناہے،پاکستان ورکرز فیڈریشن بطور سوشل پارٹنر عالمی ادارہ محنت کے ساتھ مل کر مختلف شعبوں میں کام کر رہی ہے اس سلسلے میں گزشتہ سال سے جنوبی پنجاب میں زراعت سے وابستہ مزدوروں کو حقوق کے بارے میں آگاہی اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے پروجیکٹ پر کام کر رہی ہے اور جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔
اس پروجیکٹ میں خصوصی طورپر بچوں اور پاکستان ورکرز فیڈریشن کی سیکنڈ لائن لیڈر شپ کو ڈرائنگ اور تصاویر کی مہارت کے بارے میں تعلیم دی گئی اور ملک بھر میں چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے تصاویری نمائش منعقد کی گئی، پاکستان میں چونکہ مزدوروں کی ایک بڑی تعداد غیر رسمی شعبے سے وابستہ ہے جس کے لیے کوئی قانون سازی نہیں کی گئی اس وجہ سے غیر رسمی شعبے میں چائلڈ لیبر کافی تعداد میں موجود ہے،چائلڈ لیبر کی بنیادی وجہ غربت بھی ہے اور حکومت سمیت متعلقہ اداروں کی عدم دلچسپی کی وجہ سے چائلڈ لیبر میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے,پاکستان ورکرز فیڈریشن نے عالمی ادارہ محنت سے مل کر چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے مذاکرات کے ذریعے مالکان /آجر وں سے باقاعدہ معاہدہ بھی کیا۔
اس موقع پر انھوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ چائلڈ لیبر کے حوالے سے موجودہ قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے اور غیر رسمی شعبے کے لیے ترجیح بنیادوں پر قانون سازی کی جائے تا کہ ملک میں چائلڈ لیبر کا خاتمہ ہو سکے،پاکستان ورکرز فیڈریشن او ر اس کی پوری ٹیم اپنا بھرپور کردار ادا کرئے گی اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتی ہے، اس موقع پر جن بچوں نے تصویری نمائش میں حصہ لیا ان میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے اور ان کی مہارت پرخراج تحسین پیش کیا گیا۔





