
اسلام آباد(آئی پی ایس) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ ہم الیکشن کے حوالے سے آئین پر عملدرآمد کے پابند ہیں، حکومت انتخابات کرانے کیلئے پیسے نہیں دے رہی۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں سی سی پی او ٹرانسفر کیس کی سماعت ہوئی، چیف الیکشن کمشنر نے دوران سماعت موقف اختیار کیا کہ حکومت انتخابات کرانے کیلئے پیسے نہیں دے رہی، حکومت سے فنڈز مانگتے ہیں تو فنڈز کی کمی کا کہا جاتا ہے۔ فوج سے سکیورٹی مانگتے ہیں تو کہا جاتا ہے نہیں دے سکتے ، ہم عدلیہ سے آر اوز مانگتے ہیں تو انکار کر دیا جاتا ہے کہ نہیں دے سکتے۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ یہ باتیں وفاقی حکومت سے تحریری طور پر کی ہیں تو ریکارڈ ہم دیکھ لیں گے۔ 90 دن الیکشن کا مطلب یہ ہے کہ 90 دن سے ایک دن بھی آگے نہ جایا جائے۔آئین نے نگران حکومت کو تبادلوں کا اختیار ہرگز نہیں دیا۔ عدالت نے چیف الیکشن کمشنر کو ریکارڈ سمیت آئندہ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔





