تجارت

پاکستان افریقی خطے کے ساتھ اربوں ڈالر کی برآمدات فروغ دے سکتا ہے۔ احسن بختاوری

سنیگال کے ساتھ کاروباری تعلقات بہتر کرنے میں سفارتخانہ تعاون کرے گا۔صائمہ سید
سنیگال کیلئے نامزدپاکستانی سفیر صائمہ سید کا اسلام آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان سنیگال سمیت افریقی ممالک کے ساتھ اربوں ڈالر کی برآمدات کو فروغ دینے کی صلاحیت رکھتا ہے جس کیلئے یہ ضروری ہے کہ پاکستان کے نجی شعبے کو افریقہ میں بہتر رسائی حاصل کرنے کیلئے ہرممکن سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور ٹریڈ ڈپلومیسی کا دور ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی سفرا بیرونی ممالک میں پاکستان کی برآمدات کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دیں جس سے ہماری برآمدات میں تیزی سے اضافہ ہو گا اور معیشت بہتر ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیمبر کے دورے کے موقع پر سنیگال کیلئے نامزد پاکستان کی سفیر صائمہ سید سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان اور سنیگال کے درمیان دو طرفہ تجارت دونوں ممالک کی استعداد سے بہت کم ہے کیونکہ دونوں متعدد اشیاء میں ایک دوسرے کے ساتھ تجارت کر سکتے ہیں لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سنیگال کے ساتھ تجارت و برآمدات کو بہتر کرنے میں سفارتخانہ بھرپور تعاون کرے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس کا ایک وفد مارچ میں ایتھوپیا کا دورہ کریگا اور تجویز دی کہ اس موقع پر سفارتخانہ سنیگال میں بھی ایک بزنس کانفرنس کے انعقاد کیلئے چیمبر کے ساتھ تعاون پر غور کرے تاکہ دونوں ممالک کی کاروباری برادری کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملے اور کاروباری تعلقات مزید بہتر ہوں۔ انہوں نے سنیگال میں بطور سفیر تعیناتی پر صائمہ سید کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ پاکستان اور سنیگال کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات میں اضافے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گی۔
چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ سنیگال پاکستان کیلئے ایک پرکشش مارکیٹ ثابت ہو سکتی ہے اور تجویز دی کہ سفارتخانے میں ایک ڈسپلے سنٹر قائم کیا جائے جہاں پاکستان کی مصنوعات کی نمائش کی جائے جس سے ان کی برآمدات کو فروغ دینے کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
سنیگال کیلئے نامزد پاکستان کی سفیر صائمہ سید نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سنیگال کے ساتھ کاروباری تعلقات کو بہتر کرنے میں تاجر برادری کے ساتھ ہرممکن تعاون کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ سنیگال مغربی افریقہ کا ایک اہم ملک ہے لہذا اس کے ساتھ قریبی تعاون قائم کر کے پاکستان مغربی افریقہ کی مارکیٹ میں بہتر رسائی حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے سنیگال میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنا ان کی اہم ترجیح ہو گی اور وہ اس سلسلے میں تاجر برادری کو ہرممکن سہولت فراہم کرنے کی کوشش کریں گی۔
چیمبر کے سابق صدور خالد اقبال ملک، ظفر بختاوری اور طارق صادق سمیت امیر حمزہ، نثااللہ خان اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاکستان و سنیگال کے مابین تجارتی و اقتصادی تعلقات کو بہتر کرنے کیلئے مفید تجاویز دیں۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker