اہم خبریںپاکستان

اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے وفد کا ایتھوپیا سفارتخانے کا دورہ

اسلام آباد(آئی پی ایس )اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں ایک وفد نے ایتھوپیا سفارت خانے کا دورہ کیا اور ایتھوپیا کی مارکیٹ میں کاروبارو سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے 5تا 10 مارچ 2023 تک ایتھوپیا کا دورہ کرنے والے پاکستان کے تجارتی وفد میں چیمبر کے نمائندگان کی شمولیت کے بارے میں ایتھوپیا کے سفیر جمال بیکر عبداللہ کے ساتھ بات چیت کی۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے احسن بختاوری نے ایک مختصر عرصے میں ایک اعلی سطحی پاکستانی تجارتی وفد ایتھوپیا کیلئے تشکیل دینے پر و ایتھوپیا کے سفیر جمال بیکر عبداللہ کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا کیونکہ اس سے پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کی نئی راہیں کھلیں گی۔ انہوں نے کہا کہ افریقہ پاکستان کے لیے ایک غیر دریافت شدہ مارکیٹ ہے اور امید ظاہر کی کہ پاکستان کے تجارتی وفد کے ایتھوپیا کے دورے سے افریقی خطے کے ساتھ پاکستان کی تجارت اور برآمدات کو فروغ دینے کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ فارماسیوٹیکل، کنسٹرکشن، آئی ٹی اور دیگر شعبوں کے آئی سی سی آئی کے ممبران پاکستانی وفد میں شامل ہوں گے تا کہ وہ ایتھوپیا کی مارکیٹ میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقعوں کا جائزہ لے سکیں۔ انہوں نے ایتھوپیا ایئرلائن کی جانب سے 22 مارچ 2023 سے پاکستان اور ایتھوپیا کے مابین براہ راست پروازیں شروع کرنے پر بھی ایتھوپیا کے سفیر کی کوششوں کو سراہا جس سے دونوں ممالک کے درمیان عوامی اور کاروباری تعلقات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہو ئے ایتھوپیا کے سفیر جمال بیکر عبد اللہ نے کہا کہ پاکستان کی بعض بڑی کمپنیاں ایتھوپیا میں کاروبار کے مواقع تلاش کرنے کیلئے پاکستانی وفد میں شامل ہوں گی کیونکہ ایتھوپیا افریقہ کیلئے ایک گیٹ وے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا پاکستان کے تاجروں کو کاروبار اور سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع فراہم کرتا ہے اور اس امید کا اظہار کیا کہ وفد کا دورہ ان مواقعوں سے فائدہ اٹھانے میں معاون ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا 82 فیصد فارماسیوٹیکل مصنوعات باہر سے درآمد کرتا ہے جن پر اس کو سالانہ تقریبا 137ملین ڈالر خرچ کرنا پڑتے ہیں لہذا پاکستان کی فارما کمپنیوں کو ان مواقعوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ ایتھوپیا میں پاکستان کی فارما کمپنیوں کے ساتھ رجسٹریشن اور دیگر دستاویزی تقاضے پورا کرنے میں مکمل تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا میں ٹیکسٹائل مصنوعات، آلات جراحی، کھیلوں کا سامان، چاول، کیمیکل، سٹیل اور سیمنٹ کی بھی بہت مانگ پائی جاتی ہے لہذا پاکستان ایتھوپیا کے ساتھ ان کی برآمدات کو فروغ دے سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایتھوپیا سے چائے، کافی، دالیں اور تیل کے بیج سمیت دیگر مصنوعات بھی درآمد کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا میں پاکستان کی دفاعی ٹیکنالوجی کی عمدہ صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے صدر آئی سی سی آئی کو پاکستانی وفد کے دورے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جو وہاں کاروباری برادری اور حکومتی حکام سے ملاقاتیں کرے گا اور صنعتی علاقوں کا دورہ بھی کرے گا۔ظفر بختاوری، زاہد مقبول، ناصر قریشی، ہمایوں کبیر، شوکت حیات خان اور دیگر آئی سی سی آئی کے وفد میں شامل تھے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker