
اسلام آباد(آئی پی ایس)سابق وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ میرے قتل کے ذمہ دارآصف زرداری، بلاول، شہبازشریف، محسن نقوی اور رانا ثنا اللہ ہوں گے۔
اسلام آباد کچہری میں آصف زرداری پرالزام سے متعلق کیس میں سربراہ عوامی مسلم لیگ و سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کی۔
شیخ رشید نے کہا کہ یہ جہاں مرضی مقدمے کرلیں۔ میرے قتل کے 5 مجرم ہیں۔ مجھے اسپتال بھیجا جائے میرے پیروں اور ہاتھوں پر خون ہے۔
انھوں نے کہا کہ مجھے کرسیوں سے باندھ کررکھا گیا،جھوٹے پر خدا کی لعنت برسے، میں ان سے بھیک نہیں مانگوں گا میری پٹیاں کرا دی جائیں۔ مجھے اسپتال بھیجا جائے پیروں اور ہاتھوں پرخون ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ تین بجے سے چھ بجے تک میرے ہاتھ، پاؤں اور آنکھوں پر پٹیاں باندھی رکھی گئیں۔ مجھے رینجرز کی سیکیورٹی چاہیے۔ اگر میں کراچی جاتے ہوئے قتل ہوگیا تو میرے قتل کے ذمہ دار آصف زرداری، بلاول، شہباز، محسن نقوی اور رانا ثنا اللہ ہوں گے۔