
راولپنڈی(آئی پی ایس)تربیلا میں پاک ترکیہ کی اسپیشل فورسز کی مشترکہ مشقوں کا آغاز ہوگیا ہے جس میں پاکستان ایس ایس جی اور ترکیہ اسپیشل فورس کے دستے مشقوں میں شریک ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دو ہفتے طویل پاک ترک مشترکہ مشق اتاترک بارہویں 2023 پیر کو تربیلا میں شروع ہوئی۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ مشقوں کی افتتاحی تقریب میں دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے ہیں ۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ترک اسپیشل فورس اور پاکستان اسپیشل سروس گروپ کے دستے اس مشق میں حصہ لے رہے ہیں جس کا مقصد انسداد دہشت گردی کی تکنیک کو بڑھانا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کمپاؤنڈ اور غار کی صفائی، سنائپر ٹریننگ، دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات کا مقابلہ کرنے اور جنگی طبی دیکھ بھال پر توجہ مرکوز کرے گی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہاس سے دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ تربیلا میں پاک ترکیہ کی اسپیشل فورسز کی مشترکہ مشقیں دو ہفتے تک جاری رہیں گی۔





