اسلام آباد میں پیر 30 جنوری کو مقامی طور پر تعطیل کا اعلان کردیا گیا۔
اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 30 جنوری کو اسلام آباد میں اسکول و دفاتر بند رہیں گے، میونسپل کارپوریشن، سی ڈی اے، آئیسکو، سوئی گیس کے دفاتر کے علاوہ تمام اداروں میں چھٹی ہو گی۔
اب ذرائع کے حوالے سے یہ خبر آئی ہے کہ وزیر اعظم شہبازشریف کی دعوت پر متحدہ عرب امارات ( یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان اسلام آباد آ رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر اہل خانہ کے ہمراہ اسلام آباد آرہے ہیں، یو اے ای کے صدر کی آمد پر انہیں اسٹیٹ گیسٹ کا اعزازی پروٹوکول دیا جائے گا، یو اے ای کے صدر کو نور خان ائیر بیس پر توپوں کی سلامی دی جائے گی، وزیر اعظم ہاؤس آمد پر گارڈ آف آنر دیا جائے گا۔ یو اے ای کے صدر کی اسلام آباد آمد پر پیر کو اسلام آباد میں مقامی تعطیل ہوگی۔