اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

ہتھکڑیوں میں جکڑے فواد چوہدری عدالت میں پیش

لاہور(آئی پی ایس) پولیس نے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو کینٹ کچہری کی عدالت میں پیش کردیا۔پولیس نے سخت سکیورٹی میں فواد چوہدری کو لاہور کی کینٹ کچہری عدالت میں پیش کیا گیا جب کہ اس موقع پر ان کو ہتھکڑی لگائی گئی تھی۔

لاہور کے جوڈیشل مجسٹریٹ رانا مدثر کیس کی سماعت کررہے ہیں جب کہ اس موقع پر پولیس نے فواد چوہدری کے رہداری ریمانڈ کی استدعا کی ہے۔

پراسیکیوشن نے کہا کہ کوہسار پولیس نے فواد چوہدری کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے اس لیے ملزم کی اسلام آباد منتقلی کے لیے راہداری ریمانڈ کی ضروری ہے۔

فواد چوہدری کے وکیل نے کہا کہ اسلام آباد کا 4 گھنٹے کا راستہ ہے، راہداری ریمانڈ کی کیا ضرورت ہے، یہ جائیں اور اسلام آباد میں جا کر پیش کریں، ایک روزہ راہداری ریمانڈ لے کر کہیں اور لے کر جانا چاہتے ہیں۔

فواد چوہدری کے وکیل نے کہا کہ سفری ریمانڈ نہیں بنتا، ان کی ہتھکڑی بھی کھولی جائے، دونوں ہاتھوں کی بجائے ایک ہاتھ پر ہتھکڑی لگائیں۔

وکیل کے دلائل پر عدالت نے کہا کہ آپ فضول باتوں میں وقت ضائع کر رہے ہیں۔

عدالت پیشی کے موقع پر فواد چوہدری کا میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا میری پیشی پر پولیس ایسی لگائی ہے کہ جیسے میں کوئی جیمز بانڈ ہوں، جس طرح گرفتار کیا گیا وہ مناسب نہیں تھا، مجھے یہ فون کرتے میں خود ہی آجاتا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا میں تو کہتا ہوں کہ 22 کروڑ عوام پر مقدمات بنا دیں، مجھے گرفتار کرنے والوں کو شرمندگی ہو گی، پولیس بتائے مجھے کس جرم میں گرفتار کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا جو مقدمہ درج ہوا ہے اس پر فخر ہے، نیلسن منڈیلا پر بھی یہی مقدمہ تھا، کہا جا رہا ہے میں نے بغاوت کی، میں سابق وفاقی وزیر اور سپریم کورٹ کا وکیل ہوں، مجھے عزت و احترام کے ساتھ ٹریٹ کیا جائے۔

 

واضح ر ہےکہ فواد چوہدری کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج ہے جو سیکرٹری الیکشن کمیشن کی درخواست پر کیا گیا ہے۔

فواد چوہدری کو اسلام آباد منتقل کرنے پر جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں پولیس ان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرے گی۔

 

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker