
اسلام آباد(آئی پی ایس)وفاقی کابینہ نے اہم ادارے کے قانون میں ترامیم کردیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ایکٹ (پیمرا) کے قانون میں ترامیم کردی گئی ہیں۔
حکومتی ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ایکٹ میں ترامیم کی منظوری دے دی ہے۔ بتایاگیا ہے کہ وفاقی کابینہ نے ترامیم کی منظوری سرکولیشن کے ذریعے دی ہے۔
پیمرا ایکٹ میں ترامیم کے بعد اب پیمرا کا دائرہ اختیار گلگت اور آزاد کشمیر تک بڑھا دیا گیا ہے۔ کابینہ ذرائع کے مطابق پیمرا ایکٹ میں ڈس انفارمیشن کی نئی تعریف متعارف کرائی گئی ہے اور کسی بھی ٹی وی کے لائسنس کو ڈس انفارمیشن نشر نہ کرنے سے مشروط کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کونسل آف کمپلینٹس کو مزید طاقتور بنا دیا گیا ہے۔ کونسل آف کمپلینٹس میڈیا ملازمین کی تنخواہوں، اجرت اور بقایا جات کے معاملات کو دیکھے گا۔ ذرائع کے مطابق پیمرا کے دیگر مسائل کے حل کیلئے بھی ترامیم کی منظوری دی گئی ہے۔





