اسلام آباد(آئی پی ایس)پاکستان اور روس کے بین الحکومتی کمیشن کا اجلاس ہوا، جس میں پاکستان اور روس کے درمیان 3 معاہدے طے پا گئے۔دونوں ملکوں نے ایئر ٹرانسپورٹ کے شعبے میں تعاون پر اتفاق کیا،
جس میں ڈیٹا ایکسچینج اور کسٹمز کے شعبے میں تعاون بھی شامل ہے۔پاکستان اورروس نے مختصر اور طویل مدتی تعاون کیلئے حکمت عملی، اور نجی شعبے کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، دونوں ملکوں نے بین الحکومتی کمیشن میں طے پروٹوکول پردستخط کردیئے ہیں۔پاکستان اور روس کے بین الحکومتی کمیشن اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے،
جس کے مطابق دونوں ممالک کے مابین آئل اور گیس سیکٹر میں تجارت کیلئے مارچ میں اسٹرکچرل تیارکرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، مارچ میں یہ عمل مکمل ہو جائے گا۔اعلامیئے کے مطابق دونوں ملکوں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، اور مواصلات، ٹرانسپورٹ، اعلیٰ تعلیم، ریلوے، صنعتی شعبے میں بھی تعاون مضبوط کیا جائے گا۔
معاہدوں میں فنانس، بینکنگ سیکٹر، کسٹمز، زراعت اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے بھی شامل ہیں، جب کہ توانائی شعبے میں تعاون کیلئے جامع پلان تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔