
کراچی(آئی پی ایس)صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ حافظ نعیم اور جماعت اسلامی کو صبر کا مظاہرہ کرنا چاہیے، ان کو چاہیئے کہ وہ معاملات کو سمجھیں اور بات چیت سے مسئلہ حل کریں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی جہاں سے نشستیں جیتی وہ ہمارے روایتی حلقے ہیں اور اگر دھاندلی سے میئر بنانا ہوتا تو 125 سیٹیں حاصل کرلیتے لیکن پیپلزپارٹی اکیلے میئر نہیں بنا سکتی ہے، پیپلزپارٹی کو میئر کیلئے جماعت اسلامی و دیگر کی ضرورت پڑے گی۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے 6 حلقوں پر تحفظات ہیں اور یہ معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس چلا گیا ہے لیکن جماعت اسلامی کا احتجاج اب بلا جواز ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نےکل ڈپٹی کمشنرکےدفترکویرغمال بنایا
، پی ٹی آئی نےڈی سی آفس میں غنڈہ گردی کی جس کی ویڈیوز موجودہیں۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر دفتر میں غنڈہ گردی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنما پیپلزپارٹی سعید غنی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کو ٹی وی پر میئر کی سیٹ نہیں ملے گی، وہ آئیں بیٹھ کربات کریں تو ہوسکتا ہے کہ ایک دوسرے کو قائل کرلیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اثر انداز ہونا ہوتا تو دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کرادیتے لیکن قانون میں دوبارہ گنتی کا اختیار ریٹرننگ افسران کے پاس ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری جیت پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں
جبکہ کئی جگہوں پر ہمارے امیدوار بہت کم مارجن سے ہارے ہیں اور ایک جماعت صفر سے100 پر چلی گئی تو خوش ہیں۔دوسری جانب حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے نتائج کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا، مذاکرات اور بات چیت سے انکار نہیں کیا، ایک طرف مذاکرات اور دوسری طرف دھاندلی ہو تو مسئلہ ہوتا ہے۔