لاہور(آئی پی ایس) پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ (پی کے ایل آئی) میں ادویات کی قلت کے باعث گردوں کےٹرانسپلانٹ بند پڑے ہیں۔
ترجمان پی کے ایل آئی کے مطابق اس سال ابھی تک گردوں کا ایک بھی ٹرانسپلانٹ نہیں ہوسکا، گردوں کے ٹرانسپلانٹ دو ہفتے سے ادویات کی عدم دستیابی کے باعث نہیں ہورہے جب کہ اب تک 6 آپریشن انجیکشن نہ ہونے سے ملتوی ہوئے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ ایک ہفتے میں گردوں کے تین آپریشن ہوتے ہیں، ٹرانسپلانٹ کے لیے استعمال ہونے والا انجیکشن مارکیٹ میں ناپید ہے۔
ترجمان کے مطابق ادویات بیرون ملک سے آگئی ہیں صرف ایل سیز کھلنے کا انتظار ہے، ایل سی کا طریقہ کار مکمل ہوتے ہی ادویات اسپتال پہنچ جائیں گی، انجیکشن ملتے ہی گردوں کا ٹرانسپلانٹ پھرشروع ہو جائے گا۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ سال پی کے ایل آئی میں گردوں کے 211 ٹرانسپلانٹ ہوئے تھے۔