پشاور(آئی پی ایس)اپوزیشن لیڈر کے پی کے اسمبلی اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے قریبی ساتھی کے ذریعے پیغام دیا ہے کہ تحریکِ عدم اعتماد پیش کریں۔
یہ بات خیبر پختون خوا اسمبلی کی تحلیل اور نگران وزیرِ اعلیٰ کے معاملے پر اپوزیشن لیڈر کے پی کے اسمبلی اکرم خان درانی نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 3 وزراء نے میرے بندے سے بات کی ہے، میں نے انہیں جواب دیا ہے کہ ضرور کر لیتے اگر اس شخصیت میں جمہوری نظام کا عمل دخل ہوتا۔
خیبر پختون خوا اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف نے مزید کہا کہ عوام اس حکومت کے خاتمے کے لیے دعا کرتے ہیں۔
اکرم درانی کا یہ بھی کہنا ہے کہ مہنگائی اور بے امنی ہے، وزیرِ اعلیٰ سمیت وزراء خود ہر ماہ بھتہ دے رہے ہیں۔