
اسلام آباد /گلگت (آئی پی ایس )پاکستان تحریک انصاف نے آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان کی اسمبلیاں تحلیل کرنے کی خبروں کی تردید کر تے ہوئے واضح کیا ہے کہ دونوں اسمبلیاں تحلیل نہیں کی جا رہیں ۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا پر اس حوالے سے دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بعد آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی اسمبلیاں بھی تحلیل کرنے کا اعلان کیا ہے اور اس حوالے سے وزیراعلیٰ جی بی خالد خورشید سے مشاورت شروع کر دی گئی ہے تاہم تحریک انصاف کے ترجمان نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان کی اسمبلیاں تحلیل نہیں ہونگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں اسمبلیاں اپنی آئینی مدت پوری ہونے تک کام کرتی رہیں گی اور اس حوالے سے ہونے والی قیاس آرائیوں میں کوئی صداقت نہیں ، انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا پر ایسی خبریں نشر کرنے سے پہلے تصدیق کی جانی چاہیے ۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے حکم پروزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری گورنر کو ارسال کی تھی ، گورنر کے دستخط نہ کرنے پر 48گھنٹے پورے ہونے پر پنجاب اسمبلی گزشتہ روز تحلیل ہو گئی تھی۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے بھی کے پی کے اسمبلی کی تحلیل کیلئے منگل کو سمری گورنر کو ارسال کرنے کا اعلان کیا ہے ۔