
کراچی(آئی پی ایس)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کراچی اور حیدرآباد میں ہونے والے بلدباتی انتخابات کے حوالے سے خصوصی ویڈیو پیغام جاری کر دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے ویڈیو پیغام میں عمران خان نے کہا ہے کہ اتوار کو حیدر آباد اور کراچی میں بلدیاتی انتخابات ہیں، میری سب ووٹرز سے اپیل ہے کہ آپ سب کو اس الیکشن میں بھرپور شرکت کرنی ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ نے سب کو ووٹنگ کے لیے لے کر جانا ہے، تحریک انصاف کا مقابلہ ان ساری جماعتوں سے ہے جو 30 سال سے اس ملک کا خون چوس رہی ہیں۔
عمران خان کا کہنا ہے کہ آپ نے اپنے ووٹ سے ثابت کرنا ہےکہ نیا پاکستان کادور آ رہا ہے اب ایک مختلف قسم کی سیاست ہو گی۔ویڈیو پیغام میں سابق وزیر اعظم کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ وہ سیاست ہو گی جو پاکستان کو عروج پر لے جائے گی۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے کل کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان کر رکھا ہے۔