
ڈنمارک(آئی پی ایس)ڈینش مسلم سینٹر ڈنمارک کے زیراہتمام ایک روزہ نیبرز ڈے کا انعقاد۔ ڈنمارک کے شہر کوپن ہیگن میں پاکستانی کمیونٹی کی تنظیم ڈینش مسلم سینٹر کی جانب سے ہمسایوں کے حقوقِ بارے نیبرز ڈے کا انعقاد کیا گیا ۔ ایونٹ میں ڈی ایم سی کے تمام ونگز نے اپنی فیملیز کے ہمراہ شرکت کی اور اہل محلہ میں رہنے والے مسلم اور غیر مسلم ہمسایوں میں تحائف اور پمفلٹس تقسیم کیے۔
پمفلٹس میں ہمسایوں کے حقوق کے بارے میں قرآنی آیات اور احادیث درج تھیں۔ مسلم اور غیر مسلم ہمسایوں نے اس کاوش کو سراہا اور باہمی تعلقات کو بڑھانے کا اعادہ کیا ۔اس موقع پر ڈینش مسلم سینٹر کے صدر راجہ عمران قیصر کا کہنا تھا کہ ایسے پروگرامز کے انعقاد سے غیر مسلم کو اسلام کو سمجھنے میں مدد ملے گی اور مختلف کمیونٹی کے لوگوں کے باہمی تعلقات میں اضافہ ہوگا۔یہ دن گذشتہ کئی سالوں سے تسلسل سے منایا جا رہا ہے۔اس کے علاوہ ڈینش مسلم سینٹر ڈنمارک میں نوجوانوں کی تربیت کے حوالے سے ایسے پروگرام کا انعقاد کرتی رہتی ہے جسے لوکل کمیونٹی کے لوگ بھی خوب سراہتے ہیں ۔