لاہور (آئی پی ایس ) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں آج بھی شدید دھند کا راج ہے ، دھند کے باعث موٹرویز اور ایئرپورٹ کو جزوی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
ترجمان موٹرویز پولیس سید عمران احمد کے مطابق موٹروے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن ، لاہور ملتان موٹروے ایم تھری فیض پور سے درخانہ، موٹروے ایم فور فیصل آبار سے عبد الحکیم تک شدید دھند اور حد نگاہ میں کمی کے باعث بند کردی گئی ہے۔
ترجمان موٹرویز نے بتایا کہ موٹروے ایم فائیو کو شیر شاہ سے ترنڈہ محمد پناہ اور لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم الیون کو بھی شدید دھند کے باعث بند کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب لاہور سے اسلام آباد جی ٹی روڈ بھی شدید دھند کی لپیٹ میں ہے ، گوجرانوالہ، گجرات ، وزیر آباد سمیت دیگر علاقوں میں دھند کا راج ہے، لاہور سے کراچی جانے والی نیشنل ہائی وے پر بھی شدید دھند ہے۔
میدانی علاقوں میں حد نگاہ بہت زیادہ متاثر ہے ، ساہیوال ، اوکاڑہ ، پتوکی اور دیگر شہر شدید دھند کی وجہ سے متاثر ہیں اور حد نگاہ دس میٹر سے بھی کم ہے۔
علاوہ ازیں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حد نگاہ پچاس فیصد سے کم ہے جس کے باعث 12 پراوزیں متاثر ہوئی ہیں ، 10 تاخیر کا شکار ہیں اور دو پروازوں کا رخ اسلام آباد کی جانب موٹرا گیا ہے۔
لاہور رنگ روڈ کے اطراف میں بھی شدید دھند تھی جس کے باعث روڈ کو رات گئے بند کر دیا گیا تھا ۔