
اسلام آباد( اویس لطیف )پاکستان نے آئندہ ہفتے جنیوا میں ہونے والی ”ریزیلینٹ پاکستان کانفرنس ”کو کامیاب کرانے کیلئے ہوم ورک مکمل کر لیا،حکومتی ذرائع کے مطابق اس حوالے سے وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان کی نگرانی میں ایجنڈا تیار کیا گیا ہے،پاکستان اس کانفرنس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہتا ہے اسی لیے کانفرنس میں شریک ہونے والے وفد کی قیادت وزیر اعظم خود کریں گے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی مشاورت سے جنیوا کانفرنس کا ایجنڈا تیار کر لیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف اتوار کو جنیوا کے لیے روانہ ہوں گے اور بڑے سرکاری وفد کے ہمراہ جنیوا کانفرنس میں شرکت کریں گے، ان کے ہمراہ خزانہ، پلاننگ، اطلاعات اور موسمیاتی تبدیلی کے وزرا کے علاوہ اعلی سرکاری حکام بھی وفد کا حصہ ہوں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی مشاورت سے جنیوا کانفرنس کا ایجنڈا تیار کر لیا گیا ہے، جس کے تحت پاکستان سیلاب کی صورتحال اور نقصانات کا معاملہ کانفرنس میں رکھیگا، اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے فنڈز کا مطالبہ کیا جائے گا۔
پاکستان کانفرنس میں موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار ممالک کی مدد کے لیے فنڈز کا مطالبہ کرے گا، اور موسمیاتی تبدیلیوں کی زد میں آنے والے ممالک کے مسائل عالمی برادری کے سامنے رکھے جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف کی جنیوا میں سرکاری مصروفیات کے ساتھ ساتھ سیاسی ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، اور ان کی اپنے بھائی اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کا بھی امکان ہے۔