
اسلام آباد(اویس لطیف)جنیوا میں ہونے والی انٹرنینشنل کلائمیٹ ریزیلئینٹ پاکستان کانفرنس کیلئے پاکستان اور اقوام متحدہ مشترکا میزبانی کریں گے۔ پاکستان کیلئے کانفرنس میں عالمی برادری کو حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات سے آگاہ کرنا ایک چیلنج ہوگا،پاکستانی قیادت مشکل معاشی صورتحال میں اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے مشاورت کر رہی ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان اور اقوام متحدہ 9 جنوری کو کانفرنس کی میزبانی کریں گے۔ کانفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔وزیراعظم شہبازشریف کے ساتھ مختصر پاکستانی وفد جنیوا جائے گا۔ سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ بطور میزبان جنیوا میں موجود ہوں گے۔
کانفرنس میں کئی دوست ممالک کے سربراہان اور عالمی تنظیموں، اداروں کی نمائندگی متوقع ہے۔ کانفرنس میں پاکستان کے چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں کی نمائندگی بھی ہوگی۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ دوست ممالک، عالمی تنظیمیں، اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا پاکستان کی سفارتی محاذ پر بڑی کامیابی ہے۔
اہم کانفرنس کا محور مستقبل کے حوالے سے پاکستان کا 4 نکاتی فریم ورک ہوگا۔ فریم ورک میں بحالی، آباد کاری اور تعمیروترقی پر توجہ دی گئی ہے، جب کہ نقصانات کے تخمینے کے مطابق پاکستان کو 16 ارب 30 کروڑ ڈالر درکار ہیں۔پاکستان کم از کم 10ارب ڈالر کے معاہدوں یا یقین دہانیوں کی توقع کررہا ہے،اسی سلسلے میں وزیر اعظم دوست ممالک سے رابطے کر رہے ہیں