تربیلا غازی ( آئی پی ایس)اعلیٰ تعلیم کی خواہشمند تحصیل غازی کی طالبات کے لیے بڑی خوشخبری ،ایک سالہ جدوجہد رنگ لے آئی،وومن یونیورسٹی صوابی نے تربیلا اور غازی سے شٹل سروس کا آغاز کردیا،،مقامی طالبات میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، کہتی ہیں اس کامیابی کا سہرا معروف سوشل ورکر اور چیف انجینئر تربیلہ کے اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹری جہانگیر علی یوسفزئی کے سر جاتا ہے، جن کی عملی کوششوں سے یہ ممکن ہوا،
واضح رہے کہ تربیلا غازی اور اس کے ملحقہ علاقوں سے طالبات کی بہت بڑی تعداد 70 کلومیٹر دور واقع وومن یونیورسٹی صوابی سے اعلیٰ تعلیم حاصل کررہی ہے،،جہاں جانے کے لئے انھیں پرائیویٹ ٹرانسپورٹ کا سہارا لینا پڑتا ہے جو نہ صرف تکلیف دہ ہے بلکہ کافی مہنگا بھی یے، جس کے باعث بہت سی طالبات کو اپنی تعلیم کا سلسلہ ادھورا چھوڑنا پڑا،طالبات اور ان کے والدین کی اس تکلیف کو دیکھتے ہوئے جہانگیر علی یوسفزئی نے ایک سال قبل وائس چانسلر وومن یونیورسٹی صوابی محترمہ پروفیسر ڈاکٹر شاہانہ عروج سے ملاقات کی تھی اور تربیلا غازی کی طالبات کے لیے یونیورسٹی شٹل سروس کا مطالبہ کیا تھا،
ایک سال کی انتھک کوششوں کے بعد وائس چانسلر محترمہ پروفیسر ڈاکٹر شاہانہ عروج نے تربیلا غازی کی طالبات کے لیے نئی شٹل سروس کے لئے خصوصی بجٹ منظور کیا اور گزشتہ روز باقاعدہ افتتاح کر کے بس شٹل سروس کو اپنے مقررہ روٹ پر تربیلا غازی کے لئے روانہ کیا گیا، سماجی، سیاسی اور عوامی حلقوں نے اس بڑی کاوش پر وائس چانسلر وومن یونیورسٹی صوابی محترمہ پروفیسر ڈاکٹر شاہانہ عروج کا شکریہ ادا کیا، اور جہانگیر علی یوسفزئی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاشبہ اس کامیابی کا کریڈٹ ان کو جاتا ہے، اگر وہ اس معاملہ میں دلچسپی نہ لیتے تو طالبات کا یہ خواب کبھی پورا نہ ہوتا۔