
اسلام آباد(آئی پی ایس)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے استعفوں کی تصدیق کے حوالے سے آئین ، قانون اور قومی اسمبلی کے قواعد وضوابط کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا، استعفوں کی تصدیق کےلئے پی ٹی آئی کے تمام ارکان کو انفرادی طور پر بلایا جائے گا۔
جمعرات کو پی ٹی آئی کے وفد نے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے پارلیمنٹ ہائوس میں سابق سپیکر اسد قیصر کی سربراہی میں ملاقات کی۔ وفد میں سابق ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری، ملک عامر ڈوگر، امجد خان نیازی ، فہیم خان ، ڈاکٹر شبیر حسن ، لعل ملہی ، عطا اللہ اور طاہر اقبال شامل تھے۔ملاقات میں پی ٹی آئی کے قومی اسمبلی سے استعفوں کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف نے کہا کہ سیاست میں دروازے بند نہیں کئے جاتے بلکہ سیاست دانوں کے درمیان رابطے ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ استعفوں کی تصدیق کے حوالے سے آئین ، قانون اور قومی اسمبلی کے قواعد وضوابط کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا اور پی ٹی آئی کے تمام ارکان کو انفرادی طور پر بلایا جائے گا۔ انہو ں نے کہا کہ پہلے بھی پی ٹی آئی کے ارکان کو استعفوں کی تصدیق کے حوالے سے مدعوکیا گیا تھا ۔ راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے کراچی سے ایک رکن اسمبلی نے استعفے کی منظوری روکنے کےلئے ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا ۔
دوسری جانب ذرائع پی ٹی آئی کا بتانا ہے کہ شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک نے استعفوں کی منظوری کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات سے معذرت کرلی۔ذرائع کے مطابق پرویز خٹک استعفوں پر اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات نہیں کرنا چاہتے، شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک نے پارٹی قیادت کو وفد کے ساتھ پیش نہ ہونے کا پیغام آخری وقت میں بھجوایا۔شاہ محمود قریشی کی غیر موجودگی میں اسد قیصر اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کے لیے پہنچے۔یاد رہے کہ شاہ محمود قریشی پارلیمنٹ میں واپسی کا عندیہ بھی دے چکے ہیں جبکہ ذرائع کا بتانا ہے کہ پرویز خٹک استعفوں کے بجائے مستقبل میں انتخابات پر بات کے لیے وفد کا حصہ ہوں گے۔