اسلام آباد ، راولپنڈی اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں کار چوری کی وارداتوں میں ملوث 07خطرناک ملزمان گرفتار۔ چارکروڑروپے سے زائد مالیت کی 27گاڑیاں برآمد، سی پی او آپریشنز سہیل ظفر چٹھہ نے ایک تقریب کے دوران برآمد ہونے والی گاڑیوں کی چابیاں ان کے اصل مالکان کے حوالے کردیں، گاڑیوں کے مالکان نے چوری شدہ گاڑیاں واپس ملنے پر انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد اوران کی ٹیم کی تعریف کی۔ تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد ڈاکٹر اکبر نا صر خاںکے خصوصی احکامات پر اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے اینٹی وہیکل لفٹنگ یونٹ کو مزید فعال کیا گیا ہے اوراینٹی وہیکل لفٹنگ یونٹ کی ٹیمیں کار چوری کی روک تھام اور مسروقہ گاڑیوں کی برآمدگی کے لئے بھرپور کارروائیاں کر رہی ہیں ۔ کیپیٹل پولیس آفیسر آپریشنز سہیل ظفر چٹھہ نے بتایا ہے کہ اینٹی وہیکل لفٹنگ یونٹ نے کار چوروں اور ریسیوروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون جاری رکھتے ہوئے دوگروہوں کے چار ارکان سمیت کل 07 خطرناک کار چوروں کو گرفتار کرلیا ہے، ملزمان میں محمد رشید، زبیر خان،خا ند ان خا ن، غفور خا ن، منیر خا ن، انجم حبیب اور محمد قاسم شامل ہیں، ملزمان سے چارکروڑ10 لاکھ 50روپے مالیت کی 27گاڑیاں برآمدکر لیں گئیں ۔یہ گاڑیاں تھانہ کو ہسار، تر نو ل، سنگجا نی، کو رال، آ بپارہ، مار گلہ، شمس کا لو نی، شالیمار، آبپارہ، آ ئی نا ئن، ضلع راولپنڈی اور پنجاب کے دیگر اضلا ع کے علاقوں سے چوری ہوئی تھیں،یہ ملزمان زیادہ تر کرولا گاڑیاں چوری کرتے تھے، ملزمان اسلام آباد کے پوش سیکٹرز میں گھوم پھر کر گلیوں کی ریکی کرتے تھے اور موقع ملتے ہی گاڑی چوری کرتے اور پشاور میں فروخت کر دیتے تھے،۔ملزمان سابقہ ریکارڈ یافتہ اور متعدد مقدمات میں چالان یافتہ ہیں۔آئی جی اسلام آباد کے خصوصی احکاما ت کی روشنی میں کیپیٹل پولیس آفیسر سہیل ظفر چٹھہ اور ایس ایس پی آپریشنز ملک جمیل ظفر نے بدھ کے روزایک تقریب کے دوران برآمد ہونے والی گاڑیوں کی چابیاں ان کے اصل مالکان کے حوالے کیں، گاڑیوں کے مالکان نے انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد ،سی پی او آپریشنز،ایس ایس پی انوسٹی گیشن فرحت عباس کاظمی اور ان کی ٹیم کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔سی پی او آپریشنز نے اے وی ایل یو ٹیم کے لئے انعامات کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ اسلام آباد کیپیٹل پولیس اپنے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے دن رات کوشاں ہے، شہر میں کار چوری کی روک تھام کے لئے بھرپور حکمت عملی بنائی گئی ہے جس کی وجہ سے کار چوری میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے ۔ شہریوں سے بھی گزارش ہے کہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کے متعلق فوری پکار 15پر اطلاع کریں۔