اسلام آباد(آئی پی ایس)پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور مشیر امور کشمیر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ عمران خان نفرت اور انتشار کی سیاست کر رہے ہیں، نفرت اور انتہا پسندی کا رویہ انتہائی خطرناک ہے، ان کی اکثر باتیں حقائق کے منافی ہوتی ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینئر رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی دور حکومت میں پاکستان کے خارجہ تعلقات بری طرح متاثر ہوئے، عمران خان نے دوست ممالک کو ناراض کیا، فعال سفارتکاری سے ہم نے پھر سے خارجہ تعلقات مضبوط کئے،بلاول بھٹو کے بیرونی دوروں سے متعلق بیان بازی افسوسناک ہے، وہ تمام بیرون ملک دوروں کے اخراجات خود برداشت کرتے ہیں۔
قمر زمان کائزہ نے کہا کہ مودی اور اس کے ساتھیوں کا انتہا پسندانہ رویہ قابل مذمت ہے، وزیراعظم، وزیرخارجہ عالمی سطح پر ملکی سفارتکاری کی بہتری کیلئے محنت کررہے ہیں، اتحادی حکومت کی کاوشوں سے آئی ایم ایف کی گرے لسٹ سے نکلے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں دہشتگردی کے واقعات پھر سے سر اٹھا رہے ہیں، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردی میں اضافہ ہوا، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ہم نے بہت قربانیاں دی ہیں، ہمیں اپنے شہداء پر فخر ہے، قوم سلام پیش کرتی ہے۔