اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

ریکوڈک کا معاملہ :وزیراعظم کا فضل الرحمن اور اختر مینگل کو فون

اسلام آباد(آئی پی ایس)وزیراعظم شہبازشریف نے ریکوڈک قانون سازی پر اتحادیوں کے تحفظات دور کرنے کيلئے رابطے شروع کردیئے۔ریکوڈک قانون سازی پر اتحادیوں کے تحفظات دور کرنے کيلئے وزیراعظم شہبازشریف خود متحرک ہو گئے ہیں اور انہوں نے اتحادیوں سے رابطے شروع کردیئے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان سے اس حوالے سے رابطہ کیا ہے، اور سربراہ بی این پی سردار اختر مینگل کو بھی فون کيا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی رہنماؤں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے اور آپ کے تحفظات دور کریں گے، اس حوالے سے کابینہ کی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی قائم کردہ کابینہ کمیٹی کی بھی اتحادیوں سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی اتحادی جماعت بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ اختر مینگل کا کہنا ہے کہ ریکوڈک بل کے معاملے میں ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ اختر مینگل نے کہا کہ مقبوضہ علاقوں کے ساتھ ہمیشہ ایسا ہی رویہ اپنایا جاتا ہے اور حقوق نہیں دیے جاتے، ریکوڈک کے معاملے میں بھی بلوچستان کو حقوق نہیں دیے جا رہے۔اختر مینگل نے کہاکہ ریکوڈک معاملے میں بلوچستان کوئی بزنس پارٹر نہیں جو شیئر دیا جا رہا ہے۔

 

ریکوڈک کی زمین صوبے کی ملکیت ہے اس پر پہلا حق ہمارا ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاری سے متعلق بل پر ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا اور اس بل کو حکومت نے مشاورت کے بغیر ہی منظور کروا لیا۔بی این پی اور جے یو آئی (ف) نے مل کر سرمایہ کاری بل کی مخالفت کی ہے حکومت ہمارے لیے اہمیت نہیں ہے پہلے بھی حکومت سے الگ ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاست میں اتحاد بنتے اور ٹوٹتے رہتے ہیں لیکن ووٹرز سے تعلق نہیں ٹوٹنا چاہیے، ہماری نظر میں غیر ملکی سرمایہ کاری بل اسٹیبلشمنٹ کی ہدایت پر آگے بڑھایا گیا۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ وزیراعلی بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے بھی کہاتھا کہ قانون سازی ریکوڈک منصوبے کو ہڑپ کرنے کا نیا طریقہ ہے اسے کسی بھی صورت قبول نہیں کرینگے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker