
راولپنڈی(آئی پی ایس)سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان کو قتل کرنے کا منصوبہ ناکام ہوچکا ہے لیکن ان کی جان کو اب بھی خطرہ ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ معاشی صورتحال انتہائی گھمبیر ہے اور حل صرف انتخابات ہیں لیکن عمران خان کے مزید سرپرائز کا مجھےعلم نہیں ہے۔
انہوں نے کا کہنا کہ اہم تعیناتی کا فیصلہ 5 روزمیں ہوجائے گا لیکن اس معاملے کو جتنا زیر بحث لایا گیا ہے وہ خوش آئند بات نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اہم تعیناتی تک سیاسی عدم استحکام رہے گا اور جوبھی نیا آرمی چیف آئے گا وہ سیاسی گند اپنےکندھوں پر نہیں اٹھائے گا، وہ ملک کو نئے انتخابات کی طرف لے کرجائے گا۔
سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ راناثنااللہ نے کہا کہ بغیر سمری کے بھی تعیناتی کرسکتے ہیں اور بیان سے لگتا ہےمعاملات اتنے ٹھیک نہیں جتنے بتائے جارہے ہیں جبکہ دستاویزات لیک کرنا بھی ثبوت ہے کہ حالات ٹھیک نہیں ہیں، ایسا وہی لیک کرتے ہیں جو بعد میں تحقیقات کاحکم دیتے ہیں۔