اسلام آباد(آئی پی ایس)پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب ایم ٹو موٹر وے کھود ڈالی۔
پی ٹی آئی کارکنان نے کہیں میخیں گاڑ کر خیمے لگالیے تو کہیں عارضی چولہے چڑھا لیے اور کھانا پکانے لگے۔
پی ٹی آئی کارکنان موٹر وے پر کرسیاں ڈال کر بیٹھ گئے، ایم ٹو موٹر وے کی دونوں اطراف شاہراہ کو کھود کر خیمے نصب کیے گئے جب کہ اس موقع پر انتظامیہ خاموش تماشائی بنی بیٹھی رہی۔
راولپنڈی میں پی ٹی آئی کا احتجاج، مری روڈ دونوں اطراف سے ٹریفک کیلئے بند
دوسری جانب دھرنے اورامن وامان کی صورتحال کے باعث راولپنڈی میں آج تیسرے روزبھی تعلیمی ادارے بند ر ہیں گے۔
واضح رہے کہ راولپنڈی کے مری روڈ پر شمس آباد پی ٹی آئی کا احتجاجی دھرنا جاری ہے، مظاہرین نے خیمے نصب کرکے مری روڈ تین دن سے بند کررکھی ہے جس کے باعث مری روڈ کے اطراف رابط سڑکوں پر ٹریفک کے دباؤ میں اضافہ ہوگیا ہے، خواتین، بچے، بزرگ، مریض پیدل چلنے پر مجبور ہیں، ادھر فیض آباد سے چاندنی چوک تک کاروباری مراکز بند پڑے ہیں۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے تمام تعلیمی ادارے آج جمعرات کو کھلے رہیں گے جب کہ وفاقی دارالحکومت کی حدود میں تمام سڑکیں کھلی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تعلیمی ادارے کھلے رکھنے سے متعلق نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔
دریں اثنا ٹریفک پولیس نے شہریوں کے لیے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مری روڈ بوجہ احتجاج شمس آباد اسٹاپ کے قریب ڈائیورژن ہے۔متبادل کے طور پر، سید پور روڈ، کمرشل مارکیٹ کُری روڈ استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اولڈ ائرپورٹ روڈ دونوں جانب سے ٹریفک کے لیے کھلا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق مین پشاور روڈ اور مال روڈ بھی ٹریفک کے لیے کھلا ہے، تاہم آئی جے پی روڈ اسلام آباد کی جانب ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے۔متبادل کے طور پر مین پشاور روڈ، ویسٹریج، چوہڑ چوک، ماربل فیکٹری روڈ، گولڑہ موڑ، سری نگر ہائی وے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
علاوہ ازیں جہلم روڈسوان پل کے قریب ایس او ایس کے پاس کچہری کی جانب سڑک بند ہے ۔سواں پل سے کچہری کی جانب دو طرفہ ٹریفک چلائی جا رہی ہے۔ جی ٹی روڈ ٹیکسلا نزد بائی پاس چوک اور مارگلہ ہلز ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے۔ متبادل کے طور پرموٹر وے ایم ون کو استعمال کیا جا سکتا ہے۔