اسلام آباد (آئی پی ایس ) پاکستان ورکرز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری اور سی ڈی اے مزدور یونین سی بی اے کے قائد چوہدری محمد یسین اٹلی کے کامیاب دورے سے واپس وطن پہنچ گئے۔ اٹلی کے دورے کے دوران ان کے ساتھ وفد میں وزارت انسانی وسائل و سمندر پار پاکستانی، بورڈ آف انوسمنٹ، وزارت اقتصادی معاملات، ایمپلائر فیڈریشن آف پاکستان، اسکاس کے کورآڈی نیٹر محمد علی شاہ سمیت عالمی ادارہ محنت کے نمائندے شامل تھے۔ دورے کا مقصد اٹلی میں مقیم پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے تجاویز دینی تھی۔ اس سلسلے میں پاکستان ورکرز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسین نے پاکستان کے مزدوروں کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی سے فورم میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اٹلی اور پاکستان دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات ہیں اور اٹلی میں مقیم پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔ جو دونوں ممالک کی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اٹلی میں تارکین وطن مزدور بھی کام کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی اور تارکین وطن مزدور پاکستان کی معیشت میں اہم حیثیت رکھتے ہیں جس سے سرمایہ کار ی بہتر ہو رہی ہے۔ اور ملک کی معیشت مضبوط ہورہی ہے۔ انھوں نے کہا اس دورے کا بنیادی مقصد بھی یہ ہے کہ پاکستان کمیونٹی زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کرے۔ اس سلسلے میں حکومت پاکستان، وزارت انسانی وسائل و سمندر پار پاکستانی، پاکستان ورکرز فیڈریشن سمیت تمام ادارے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔ دونوں ممالک مل کر تارکین وطن مزدوروں کے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ حکمت عملی بنائیں گے تا کہ ان مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے۔ دورے کے دوران پاکستان ورکرز فیڈریشن کے جنر ل سیکرٹری چوہدری محمد یسین نے اٹلی کے مختلف شہروں میں مقیم پاکستان کمیونٹی، محمدیہ اسلامک سینٹر، عالمی ادارے محنت (ILO) کنٹری ڈائریکٹر، اسکاس کے صدر اور مزدور تنظیم CISLکے جنر ل سیکرٹری سے خصوصی ملاقاتیں کیں اور پاکستان کے مزدوروں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔