اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

انسانیت کے ہر دکھ کا مداوا رحمتِ دوجہاںؐکی کامل تابعداری میں پنہاں ہے،وزیراعظم

اسلام آباد(آئی پی ایس)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ قیامت تک انسانیت کے ہر دکھ کا مداوا رحمتِ دوجہاںؐ ۖکی کامل تابعداری میں پنہاں ہے، اللہ تعالی نے مومنوں پہ احسان فرماتے ہوئے فخرِکون ومکاں، سرور انس وجان او ر نبی آخر الزماں حضرت محمدرسول اللہ خاتم النبین ؐ کو تمام انسانوں کی طرف مبعوث فرمایا، میری طرف سے اس نعمتِ عظمی کی تشریف آوری پر قوم کو مبارک ہو۔ 12ربیع الاول 1444/2022 کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ جس ماہتابِ نبوت کا انسانیت صدیوں سے انتظار کر رہی تھی کہ وہ طلوع ہو اور اپنی ضیا پاشیوں سے جہالت، ظلم، بربریت، استحصال کے گھٹاٹوپ اندھیروں کو دور کرے،

اس سالارِ نبوت ؐکی تشریف آوری 12 ربیع الاول کو ہوئی۔ اللہ تعالی نے مومنوں پہ احسان فرماتے ہوئے فخرِکون ومکاں، سرور انس وجان او ر نبی آخر الزماں حضرت محمدرسول اللہ خاتم النبین ؐ کو تمام انسانوں کی طرف مبعوث فرمایا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ میری طرف سے اس نعمتِ عظمی کی تشریف آوری پر قوم کو مبارک ہو۔ انہوں نے کہا کہ یہ اللہ تعالی کا احسانِ عظیم ہو ا کہ اس نے حضور ؐ کو تمام جہانوں کے لیے رحمت بناکر بھیجا۔

آپ ؐ کی تشریف آوری سے دکھیوں کو چین ملا، بے سہاروں کو سہارا ملا۔ یتیموں اور بیوائوں کو پناہ ملی، غریبوں کو خودداری، غلاموں کو عزت اور امیروں کو سخا نصیب ہوئی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حضور اکرم ؐ کی بعثت نے تہذیب کو وقار، ثقافت کو تقدس، علم کو وسعت، فکر کو ندرت، عمل کو طہارت، نفرتوں اور عداوتوں میں سسکتی انسانیت کو اخوت ومحبت کے تحفے اور انسان کو اپنے خالق تک رسائی کی معرفت نصیب فرمائی۔ حضور نبی کریم ؐ کی سیرت مقدسہ تمام انبیاء و رسل کی خوبیوں کا جامع ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپؐ نے اپنی ارفع اور پاکیزہ تعلیمات کے ذریعے زندگی کا فطری تصور پیش کیا۔اللہ تعالی کی وحدانیت اور انسانوں کی برابری کی تعلیم دی۔ بڑائی کی بنیاد اچھے اعمال اور اعلی اخلاق پر رکھی اور ظلم و ناانصافی کی ہر شکل کو ممنوع قراردیا۔ آپ ؐ کے اثر انگیز ارشادات اور اسو حسنہ کا نتیجہ یہ نکلا کہ صدیوں کے دشمن بھائی بھائی بن گئے اور غریبوں اور کمزورں کے سر پر لٹکتی ظلم کی تلوار ٹوٹ گی۔

جہالت کی جگہ علم وعرفان نے لے لی اور افلاس ومحکومی کے بدلے معاشرے کو غنا اور آزادی نصیب ہوئی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ قیامت تک انسانیت کے ہر دکھ کا مداوا رحمتِ دوجہاں ؐکی کامل تابعداری میں پنہاں ہے۔ اللہ تعالی ہمیں اپنے حبیب مکرمؐ کی کامل اتباع و اطاعت نصیب فرمائے۔ آمین، پاکستان پائندہ آباد۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker