
اسلام آباد(آئی پی ایس)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہم اپنے معاشرے، قوم اور ملک میں امن ،چین ،سکھ، دوسروں کی خیر خواہی، صدق و وفا، امانت ، دیانت اور ترقی چاہتے ہیں تو ہمیں دوبارہ سے اس مثالی معاشرے کے رہن سہن اور اعلی اقدار کو اپنے معاشرے میں اپنانا ہوگا
جس کی بنیاد نبی کریم ﷺنے رکھی تھی اور حضور ۖ کی مبارک تعلیمات کو زندگی کے ہر شعبے میں مشعلِ راہ بنانا ہوگا کیونکہ حضورﷺ ۖ کی سیرت طیبہ ہی عالم انسانیت اور دنیا کی فلاح وکامیابی کی ضامن ہے۔
12ربیع الاول کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آج ربیع الاول سرکارِ دوعالم، رحمت اللعالمین خاتم النبیین حضرت محمدﷺ ۖ کی آمدِ سعیدکے بابرکت موقع پر میں پاکستانی قوم اور ملتِ اسلامیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، حضورﷺ ۖ کی تشریف آوری انسانیت کے دکھوں کے مداوا کی نوید ہے، مدتوں سے انسانیت آپکی جلوہ گری کی منتظر تھی،
آپکی بعثت سے حق وباطل کا فرق واضح ہوگیا، جہالت کے اندھیروں کی بساط لپٹ گئی، کفر وشرک کی رسومات ملیا میٹ ہوگئیں، کائنات کے خالقِ واحد کے نام کا بول بالا ہوا اور توحیدِ خالص سے انسانوں کے سینے منور ہوگئے۔ ظلم وستم کی چکی میں پسنے والے غلاموں کو آزادی کی نعمت نصیب ہوئی اور عدل وانصاف کا دور دورہ ہوا۔صدر مملکت نے کہا کہ حضرت محمدرسول اللہ خاتم النبیین ﷺنے انسانوں کو انسانوں کی غلامی سے نجات دلائی اور ان کو اپنے حقیقی مالک ورازق کے سامنے سر بسجود ہونے کا خوگر بنایا،
ایک دوسرے کا حق غصب کرنے والوں کو آپس کے حقوق کا محافظ وامین بنایا، انسانوں کو اپنے حقوق دوسروں کی خوشیوں پر قربان کرنے والا بنا دیا اور معاشرے کے ہر طبقے کے حقوق متعین فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے ہر طبقے کو دوسرے طبقے کا معاون بنایا اور فرمایا کہ مسلمان وہ ہے جس کی زبان اور ہاتھ سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں۔
انہوں نے کہا آج اگر ہم اپنے معاشرے، قوم اور ملک میں امن ،چین ،سکھ، دوسروں کی خیر خواہی، صدق و وفا، امانت ، دیانت اور ترقی چاہتے ہیں تو ہمیں دوبارہ سے اس مثالی معاشرے کے رہن سہن اور اعلی اقدار کو اپنے معاشرے میں اپنانا ہوگا اور حضور ﷺۖ کی مبارک تعلیمات کو زندگی کے ہر شعبے میں مشعلِ راہ بنانا ہوگا کیونکہ حضور ۖ کی سیرت طیبہ ہی عالم انسانیت اور دنیا کی فلاح وکامیابی کی ضامن ہے۔
اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ ہمیں رسول اللہ ۖ کی تعلیمات کو کاملیت واکملیت کے ساتھ اپنانے کی توفیق عطا فرمائے کیونکہ دین ودنیا کی کامیابی و کامرانی رسول اللہ کے اسوہ کاملہ کی پیروی میں ہی مضمر ہے۔