
اسلام آباد (آئی پی ایس )وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کی مدد کا رئیل ٹائم ڈیش بورڈ کا افتتاح کرنے سے انکار کردیا اور ڈیش بورڈ کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا،وزیراعظم نے پوچھا کہ ڈیش بورڈ کے اعداد و شمار رئیل ٹائم اپ ڈیٹڈ نہیں، رضائیاں کہاں جارہی ہیں؟ بے بی فوڈ کہاں تقسیم ہورہا ہے؟اس کی تفصیل کہاں ہے؟ وقت ضائع کیا ، یہ ایسا ڈیش بورڈ نہیں جو انہیں اور قوم کو درکار ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کے لیے رئیل ٹائم ڈیش بورڈ کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس کا افتتاح کرنے سے انکار کردیا۔ اسلام آباد میں سیلا ب متاثرین کی امداد کی مانیٹرنگ سے متعلق تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف کو ڈیش بورڈ کی خصوصیات پر بریفنگ دی گئی جس پر شہباز شریف نے عدم اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ کیسا ڈیش بورڈ ہے، یہ مذاق ہے، یہ ایسا بورڈ نہیں ہے جو قوم کو درکار ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب کے متاثرین کے لیے آنے والی امداد مثلا رضائیاں، بے بی فوڈ، پینے کا پانی کہاں جارہا ہے، اس کی تفصیلات کہاں ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ ڈیش بورڈ کی ورکنگ مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے، ڈیش بورڈ رئیل ٹائم انفارمیشن اپ ڈیٹ کی جائے۔
اس سے قبل وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کلائمٹ چینج کا شکارہوا ہے، پاکستان کا کاربن کے اخراج میں کم سے کم حصہ ہے، سیلاب متاثرین کے لیے دیئے گئے فنڈزکی تفصیلات ڈیش بورڈ پردستیاب ہوں گی۔ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق ڈیش بورڈ کوتیارکیا گیا ہے۔وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیش بورڈ کے ذریعے ہمیں اندازہ ہوگا کن علاقوں میں ریلیف دیا جارہا ہے، سیلاب متاثرین کوملنے والی تمام ڈونیشن کی معلومات ڈیش بورڈ پرموجود ہوگی، ڈئزاسٹرمنیجمنٹ کے لیے ڈیش بورڈ بہت اہمیت کا حامل ہے۔