مظفرآباد(آئی پی ایس)آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں تحریک انصاف کے آج کے جلسہ عام کے لیے پنڈال سج گیا،آزادکشمیر کے کونے کونے سے قافلے مظفرآباد کی طرف چل پڑے،جلسہ کو کامیاب بنانے کے لیے تمام انتظامات مکمل،سردار تنویر الیاس خان وزیراعظم آزادکشمیر وصدر تحریک انصاف سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے مظفرآباد میں جلسہ کو تاریخ ساز بنانے کیلئے مصروف،تمام توجہ جلسہ کے انتظامات پر مرکوز، انتظامات کی دیکھ بھال کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں۔تاریخی یونیورسٹی گراونڈ میں جلسہ کے انتظامات مکمل۔
پی ٹی آئی کے اس وقت کے تمام تر جلسوں میں سے بڑے اور اونچے سٹیج کی تیاری مکمل، تین حصوں میں بنا ہوا سٹیج عمران کے سابق تمام جلسوں سے بڑا ہو گا جو گوجرانوالہ کی مشہور فرم تیار کر رہی ہے جبکہ جدید ترین ساونڈ سسٹم بھی نصب کردیا گیا۔پنڈال میں 150 اسپیکرز نصب کیے گئے، پہلی بار یونیورسٹی گراونڈ کا اسٹیج مغربی سمت سے ہٹا کر شمالی سمت میں لگایا گیا ہے۔ جلسہ کی کوریج کے لئے نیوز چیلنز سمیت یوٹیوبرز، فیس بک، ٹویٹر و دیگر سوشل میڈیا سائیٹس پر لائیو اسٹریمنگ و پوسٹ و ٹویٹس کے لیے پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا کی ٹیمیں مظفرآباد پہنچ گئی ہیں۔ شہر میں جلسے سے قبل ہی گہما گہمی، لوگوں کی ایک بڑی تعداد دور دراز علاقوں سے پہلے ہی پہنچ چکی ہے۔ آزادکشمیر کے تمام اضلاع سے پی ٹی آئی کارکنان ریلیوں کی صورت میں جلسے میں شرکت کے لیے چل پڑے۔ سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق ایک لاکھ کے قریب شرکائجلسے میں شامل ہونے کی توقع ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے آج 29 ستمبر بروز جمعرات یونیورسٹی گراونڈ کے بڑے جلسہ عام کی تیاریاں اور تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں،جلسہ سے سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان خصوصی خطاب کریں گے۔ جلسہ دن 1 بجے شروع ہوگا، عمران خان مرکزی عہداداران کے ہمراہ دوپہر کو بذریعہ ہیلی کاپٹر نڑول کرکٹ اسٹیڈیم پہنچیں گے،
انتظامیہ نے سیکورٹی اور ٹریفک پلان جاری کردیا ہے۔ اسٹیڈیم کے اطراف میں ہر قسم کی گاڑیوں کا داخلہ بند ہو گا۔ صرف چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور وزیراعظم آزاد کشمیر کی گاڑیوں کو نڑول ہیلی پیڈ سے سیکورٹی حصار میں جامعہ کشمیر کی پارکنگ تک لایا جائے گا سیکورٹی کے لئے دیگر اضلاع سے پولیس کے 1500 نفری تعینات کی گئی ہے۔ وزیر اعظم اور آئی جی کی ہدایات کے عین مطابق شہری آبادی کو متاثر کیے بغیر امن وامان کی صورتحال کنٹرول میں رکھا جائے گا۔پارکنگ اور ٹریفک روانی کے حوالے سے انتظامیہ نے بتایا ہے کہ جامع مسجد خادم الحرمین الشریفین مسجد کے قریب ایگروٹیک گراونڈ میں جلسہ شرکائکی پارکنگ ہوگی جہاں سے شرکائجلسہ گاہ آئیں گے اور واک تھرو گیٹس سے ہی جلسہ گاہ داخل ہو سکیں گے۔ جلسہ گاہ اور اطراف میں اسلحے کی نمائش و آتش بازی۔موٹر سائیکل لانے، ریڑھی یا ٹھیلہ لگانے کی اجازت نہ ہو گی۔ مظفرآباد میں چئیرمین پی ٹی آئی کے جلسے کے لئے جو اسٹیج تیار ہو گیا ہے یہ اپنی نوعیت کا واحد بڑا اسٹیج ہے جو تقریبا ساڑھے 19 ہزار مربع فٹ پر مشتمل ہے اور اس پر ایک ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ جلسہ گاہ میں اس کے علاوہ 3 اسٹیج ہونگے۔اسٹیج بی اور سی کا سائز 248اور اونچائی 10 دس فٹ جبکہ اسٹیج اے جس پر عمران خان،سردار تنویر الیاس خان اور دیگر مرکزی قیادت بیٹھے گی کا سائز 248 اور اونچائی 20 فٹ ہوگی۔سٹیج بنانے والی کمپنی کے مطابق اب تک پاکستان میں اتنا بڑا اسٹیج نہیں بنایا گیا،خواتین کے لئے الگ انکلوژربنایا گیا ہے۔ میڈیا گیلری سمیت وی آئی پیز کے لئے بھی الگ جگہ مختص کی گئی ہے جس میں 1500 کرسیاں لگائی گئی ہیں،جبکہ ارد گرد خاردار تاریں ہونگی۔مہمانان خصوصی کے لئے وزیراعظم ہاؤس میں جبکہ دیگر شرکائکو پارسل کھانا دینے کے لئے انتظامات کیے گئے ہیں۔ادھر شہر میں پی ٹی آئی کے جھنڈوں اور رنگ برنگی پینا فلیکسز کی بہار کے ساتھ چھتر سول سیکرٹریٹ تا بینک روڈ،و سی ایم ایچ روڈ پر نصب ڈیجیٹل ایس ایم ڈیز اور دیوہیکل بل بورڈز پر جلسہ کے اشتہارات نظر آ رہے ہیں۔