
اسلام آباد(آئی پی ایس)اسلام آباد ہائی کورٹ نے توہین عدالت کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی عدالت پیشی سے متعلق سرکلر جاری کر دیا۔
چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی سربراہی میں اسلام آباد ہائی کورٹ کا لارجر بنچ 3 اکتوبر کو دن اڑھائی بجے کیس کی سماعت کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق رجسٹراراسلام آباد ہائی کورٹ نے سماعت کے دوران ضابطہ اخلاق کا سرکلرجاری کردیا جس میں کہا گیا کہ کمرہ عدالت نمبر ایک میں انٹری رجسٹرار آفس کے جاری کردہ پاس سے مشروط ہوگی۔
سرکلر میں یہ بھی کہا گیا کہ عمران خان کی لیگل ٹیم کے 15 وکلا کمرہ عدالت میں موجود ہو سکیں گے۔ اٹارنی جنرل آفس اور ایڈوکیٹ جنرل آفس سے 15 لا افسران کو اجازت ہو گی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جاری کردہ سرکلر کے مطابق تین عدالتی معاونین کو کمرہ عدالت جانے کی اجازت ہوگی۔ پندرہ کورٹ رپورٹرز کو کمرہ عدالت میں موجودگی کی اجازت ہوگی۔
سرکلر کے مطابق ہائی کورٹ اور ڈسٹرکٹ بار کے پانچ پانچ وکلا کو اجازت ہوگی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کو 15صحافیوں کی لسٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ لسٹوں کی فراہمی کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ کا رجسٹرار آفس پاس جاری کرے گا۔
سرکلر کے مطابق کورٹ ڈیکورم کو برقراررکھنے کے لیے اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس سیکیورٹی کے انتظامات کرے۔
چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی سربراہی میں اسلام آباد ہائی کورٹ کا لارجر بنچ 3 اکتوبر کو دن اڑھائی بجے کیس کی سماعت کرے گا۔