اسلام آباد (آئی پی ایس ) چیف کمشنر اسلام آباد کیپٹن(ر)محمد عثمان کا سیف سٹی اتھارٹی اسلام آباد کا دورہ،آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خاں اور سینئر افسران نے چیف کمشنر کوسیف سٹی اسلام آباد کے متعلق مکمل بریفنگ دی
اس موقع پر چیف کمشنر اسلام آباد نے کہاکہ وفاقی دارلحکومت اسلام آبادکے تمام اہم تجارتی مقامات و مراکز کے پرائیویٹ کیمروں کو سیف سٹی اسلام آبادکے سسٹم کے ساتھ منسلک کیا جائے گا،کمرشل ایریا ز کے کیمروں کو سیف سٹی نظام کے ساتھ جوڑنے سے کاروباری مراکز کی بہتر مانیٹرنگ ہو سکے گی، اسلام آباد میں جاری بلیو، اورینج اور گرین لائنز کے کیمروں کو بھی جلد از جلد نصب اور فعال کیا جائے گا اور ساتھ ہی مارگلہ روڈ کے کیمروں کو بھی سیف سٹی اسلام آباد کے ساتھ منسلک کردیا جائے گا
آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے کہاکہ سیف سٹی نظام کو فعال کرنے سے سٹریٹ کرائم میں نمایاں کمی واقع ہوگی بلکہ مجموعی لااینڈ آرڈرکی صورتحال میں بھی بہتری آئے گی ، سیف سٹی اسلام آباد کو مزید فعال اور موثر بنانے کیلئے فیز 2 منصوبے پر کام شروع ہے ،جس میں کل2530 نئے کیمرے نصب کیے جائیں گے،سیف سٹی فیز 2 منصوبے کی تکمیل کے بعد اسلام آباد کے اہم مقامات کی کوریج 100 فیصد ہو جائے گی،چیف کمشنر اسلام آباد کیپٹن (ر)محمد عثمان نے سیف سٹی کیمروں اور ” پکار – 15 ” کے پورے نظام کو سراہا۔