پشاور(آئی پی ایس)بڈھ بیر میں مدرسے کی معلمہ کے قتل کا ڈراپ سین ہوگیا، قتل میں اس کا بہنوئی ملوث نکلا جسے پولیس نے گرفتار کرلیا،
پولیس نے ملزم کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے جس نے رشتہ کے تنازعہ پر لڑکی کو قتل کیا۔ واقعات کے مطابق تھانہ بڈھ بیر پولیس کو چند روز قبل اسرار نامی شخص نے اپنی بیٹی مسما ة(س)عمر 23/24 سال کی مبینہ گمشدگی کی رپورٹ کی تھی،
متوفیہ مدرسہ میں پڑھاتی تھی جو مدرسے جانے کے بعد لاپتہ ہوگئی تھی اورتین روز بعد جمعے کی صبح اس کی مسخ شدہ نعش برساتی نالے سے برآمد کی گئی تھی ۔
لواحقین نے نعش کے قریب سے ملے برقعہ سے لڑکی کی شناخت کی تھی۔
ذرائع کے مطابق خاتون کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے جو اس کا اپنا بہنوئی ہے ، ملزم کی خواہش تھی کہ متوفیہ اس کے بھائی کے ساتھ شادی کرے تاہم وہ انکاری تھی جس پر مبینہ طو رپر اس کی جان لی گئی ۔ گرفتاری کے بعد ملزم کا آج جسمانی ریمانڈ حاصل کرکے مزید تفتیش کی جائے گی۔
واضح رہے کہ واقعہ کے خلاف لواحقین اور مقامی افراد نے کوہاٹ روڈ پر احتجاج بھی کیا تھا اورملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا تھا۔