اسلام آباد(آئی پی ایس )نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ کے خا تمے کا اعلان دھوکہ ثابت ہو ا ہے ، غریب اور متوسط طبقے کے بلوں میں ہزاروں روپے فیول ایڈجسٹمنٹ اور دیگر ٹیکسوں کی مد میں آ رہے ہیں، یہ کہاں کا انصاف ہے کہ بجلی کے بلوں میں جی ایس ٹی، انکم ٹیکس اور ٹی وی ٹیکس کے نام پر لوگوں کو جرمانے کیے جائیں،عام آدمی کو ڈیڑھ ہزار کی بجلی استعمال کر تا ہے تو اس کا بل دس ہزار کا بھیج دیا جاتا ہے
انھوں نے کہاحکومتی عہدیداروں، وزرا، بیوروکریسی کے بجلی کے بل بھی غریب عوام سے وصول کیا جا رہے ہیں ،بے حس حکومت بجلی، گیس اورپٹرول کی قیمتوں میں اضافہ اور بے جا ٹیکسز کا نفاذ آئی ایم ایف کے دباو کے تحت کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے جوڑی راجگان کے دورے کے موقع پر مختلف تقریبات سے خطاب کر رتے ہو ئے کیا ۔
میاں محمد اسلم نے کہا پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی نااہلی سے پاکستان مسائلستان بن گیا۔ وسائل سے مالامال 22کروڑ عوام کے ایٹمی پاکستان کی معاشی بدحالی کے ذمہ دار موجودہ اور سابقہ حکمران ہیں،حکمرانوں نے ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا، تمام معاشی پالیسیاں استعماری ایجنڈوں کے تحت چل رہی ہیں۔ سودی معیشت مسائل کی جڑ ہے اس سے چھٹکارا حاصل کیے بغیر ترقی اور خوشحالی نہیں آ سکتی، انھوں نے کہا نااہل حکومت عوام کو عالمی مارکیٹ میں پیٹرول سستا ہونے کے باوجود مہنگا فروخت کررہی ہے۔ اگر حکمران مہنگائی کم نہیں کرسکتے تو استعفی دے کر گھر چلے جائیں۔ میاں محمد اسلم نے کہا کہ مہنگی بجلی کے باوجود بجلی نایاب ہوچکی ہے۔ سخت حبس میں بجلی کی ا علانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔