سمر قند(آئی پی ایس) روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ وہ یوکرین جنگ سے پیدا ہونے والی صورت حال سے آگاہ ہیں اور اس لیے جتنا جلد ممکن ہو یہ جنگ ختم کرنا چاہتے ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ولادیمیر پیوٹن نے ازبکستان میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے گفتگو میں کہا کہ روس جتنی جلدی ممکن ہو یوکرین جنگ ختم کرنا چاہتا ہے۔
روسی صدر نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے یوکرین کی قیادت نے مذاکراتی عمل سے پہلو تہی کی اور اپنے مقاصد جنگ سے حاصل کرنے پر مصر رہے۔
اس موقع پر وزیراعظم نریندر مودی نے روسی صدر پیوٹن کو بتایا کہ یہ وقت جنگ کا نہیں۔ دنیا پہلے ہی بہت سے مسائل جیسے کورونا، موسمیاتی تبدیلیوں اور معاشی بحران کا سامنا کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ فروری میں روس نے یوکرین پر حملہ کردیا تھا اور تاحال روسی فوجی وہاں موجود ہیں تاہم یوکرین نے بھی شدید مزاحمت دکھائی ہے اور دو شہروں سے روسی فوج کو پسپا ہونے پر مجبور کردیا ہے۔