
کوئٹہ (آئی پی ایس )کوئٹہ کے وسطی علاقے پودکلی چوک کے قریب بم دھماکے کے نتیجے میں ایک شہری جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے۔
بلوچستان کے محکمہ صحت کے میڈیا کوآرڈینیٹر ڈاکٹر وسیم بیگ نے واقعے کے حوالے سے کہا کہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والے شہری کی شناخت محمد مراد کے نام سے ہوئی ہے۔
ریکسیو حکام کے مطابق جاں بحق اور زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ علاقے کو سیکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
سیکیورٹی حکام کی جانب سے ابھی تک دھماکے کی نوعیت کے بارے میں نہیں بتایا گیا۔
ایس ایس پی آپریشنز عبدالحق عمرانی کا کہنا تھا کہ ہم دھماکے کی نوعیت کا پتا لگا رہے ہیں۔
حکومت بلوچستان کے مشیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے دھماکے کی مذمت کی اور متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔
مشیر داخلہ نے کہا کہ واقعے سے خوف پھیلا نے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے لیکن واقعے میں ملوث افراد اور سہولت کاروں کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔
انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے میں مدد کریں۔
مشیرداخلہ نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے شہری کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا۔