اہم خبریںپاکستان

سکائی گارڈنز منصوبے کے ترقیاتی کام کا افتتاح

اسلام آباد(آئی پی ایس )فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاوسنگ اتھارٹی کے سکائی گارڈنز منصوبے کے ترقیاتی کام کا افتتاح کر دیا گیا ، سکائی گارڈنز کا رقبہ چھ ہزار کنال سے زائد ہے جس میں توسیع بھی کی جا سکے گی،منصوبے کیلئے مجموعی طور پر 11ہزار کنال تک رقبہ دستیاب ہو سکے گا، رہائشی منصوبے سے ہزاروں سرکاری ملازمین مستفید ہوں گے، سکائی گارڈنز منصوبہ جوائنٹ وینچر کے تحت مکمل کیا جائے گا، منصوبے کے 70فیصد پلاٹس ملازمین جبکہ 30فیصد پلاٹس جے وی پارٹنر کو دیئے جائیں گے ۔

تفصیلات کے مطابق فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاوسنگ اتھارٹی کے سکائی گارڈنز منصوبے کے ترقیاتی کام کی افتتاحی تقریب کا انعقاد سکائی گارڈنز سائٹ پر کیا گیا۔تقریب میں وزیر ہاوسنگ و تعمیرات مولانا عبدالواسع،چیئرمین قائمہ کمیٹی ہاوسنگ حاجی ہدایت اللہ،سیکرٹری ہاوسنگ افتخار شلوانی،ڈی جی ہاوسنگ اتھارٹی طارق رشید ،زمرد خان و دیگر نے شرکت کی۔

تقریب میں وفاقی وزیر ہاوسنگ مولانا عبدالواسع نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ حکومت نے سرکاری ملازمین کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کیلئے یہ اتھارٹی بنائی ،اس اتھارٹی کا مقصد تنخواہ دار طبقے کو اسلام آباد میں رہائشی سہولت فراہم کرنا ہے،قلیل رقم اداکرنے پر ان سرکاری رہائشی سکیمز میں لوگوں کو اچھی رہائشی سہولت ملتی ہے،یہاں کے زمین مالکان کا بھی مشکو ر ہوں کہ انہوں نے اداروں کیساتھ تعاون کیا،جمہوریت کا بنیادی مقصد اقتدار حاصل کرنا نہیں،عوام کی خدمت ہے،جب ہمیں قلمدان ملا،میں نے شب و روز ایک کرکے تمام سکیموں کا جائزہ لیا،چھوٹے چھوٹے مسائل کی بنیاد پر اتنی بڑی بڑی سکیمیں سالہا سال حکم امتناعی پر رہی ،ہم چاہتے ہیں سالوں کا کام دنوں میں ہو،جو لوگ عوام کی خدمت کیلئے جدوجہد کرتے ہیں اللہ رکاوٹیں دور کر دیتا ہے،ہم صحافیوں اور وکلا کیلئے بھی اپنی سکیموں میں کوٹہ رکھیں گے۔

سیکرٹری ہاوسنگ افتخار شلوانی نے کہاکہ یہ منصوبہ کافی عرصے سے رکا تھا،اس منصوبے نے اب آگے چلنا ہے ،پاکستان میں اسوقت ایک کروڑ رہائش گاہوں کی ضرورت ہے،چھت ہر انسان کی ضرورت ہے ،حکومت پرائیویٹ سیکٹر کی حوصلہ افزائی کرکے لوگوں کو چھت فراہم کرنے کیلئے کام کر رہی ہے،وزارت ہاوسنگ الاٹیز کوپلاٹوں کی بروقت فراہمی کی یقین دہانی کرواتی ہے۔

ڈی جی فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاوسنگ اتھارٹی طارق رشید نے کہاکہ اس منصوبے میں 5 ہزار ملازمین کو پلاٹ فراہم ہوں گے ،اس منصوبے میں ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے فطرت کے قریب رہنے کا موقع فراہم کیا،ہسپتال کمیونٹی سینٹر،سکول اور کالجز بھی یہاں فراہم کیے جائیں گے۔

سکائی گارڈن ہاوسنگ سکیم کے جوائنٹ وینچر پارٹنر چوہدری اسماعیل نے کہاکہ ہماری خواہش ہے اس منصوبے کو جلد ازجلد مکمل کریں ،ہم نے آوٹ آف وے جا کر ہاوسنگ اتھارٹی کا ساتھ دیا،ہماری خواہش ہے ہاوسنگ اتھارٹی کے ممبران کو پلاٹ فراہم کر سکیں، ہم نے ہاوسنگ اتھارٹی کو کہا ہے کہ ہم موبلائزیشن ایڈوانس نہیں لیں گے اور کام شروع کیا،ہماری خواہش ہے اس منصوبے کو بروقت پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker