
اسلام آباد(آئی پی ایس)اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی 25اگست تک راہداری ضمانت منظور کرلی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کیخلاف دہشت گردی مقدمے کے حوالے سے درخواست کی سماعت پیر کو ہوئی۔عمران خان کی جانب سے بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے اور دلائل دیئے کہ پولیس نے عمران خان کے گھر کا گھیراؤ کررکھا ہے،عمران خان ٹرائل کورٹ میں پیش ہونا چاہتے ہیں، حفاظتی ضمانت منظور کی جائے، عمران خان اگر عدالت آتے ہیں تو پولیس گرفتار کرلے گی۔
اس پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ عمران خان کی درخواست ضمانت پر اعتراض ہے، اعتراض ہے کہ بائیومیٹرک نہیں کرایا گیا، آپ بائیو میٹرک کرانے لیے لیے حفاظتی ضمانت چاہتے ہیں؟اس پر بابر اعوان نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج چھٹی پر ہیں، متعلقہ کورٹ کے جج کی چھٹی کے باعث ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔عدالت کا کہنا تھا کہ عمران خان کے بائیو میٹرک تصدیق کا اعتراض دور کیا جاتا ہے اورتین دن کی راہداری ضمانت منظور کر رہے ہیں۔جس کے بعد عمران خان کی 25 اگست تک راہداری ضمانت منظور کرلی گئی۔