اسلام آباداہم خبریںعلاقائی

بھٹہ خشت مزدوروں کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرینگے،چوہدری یسین

اسلام آباد(آئی پی ایس )پاکستان ورکرز فیڈریشن اور عالمی ادارہ محنت کے باہمی تعاون سے بھٹہ خشت مزدوروں کے حقوق کے بارے میں آگاہی اور سماجی تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے اسلام آباد میں تین روزہ آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا جس میں بھٹہ خشت مزدوروں اور مختلف ٹریڈ یونینز کے نمائندگان نے شر کت کی

سیمینار کی اختتامی تقریب میں قائد مزدور اور پاکستان ورکرز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسین نے خصوصی طور پر شرکت کی، تین روزہ سیمینار میں پاکستان ورکرز فیڈریشن کے ایجوکیشنل سیکرٹری اور ماسٹر ٹرینراسد محمود نے شرکا کو بھٹہ خشت میں کام کرنے والے مزدوروں کے حالات کار، اوقات کار، مسائل، سماجی تحفظ کی موجودہ صورتحال اور دیگر مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ سیمینار میں بھٹہ خشت مزدوروں نے اپنی روز مرہ زندگی میں درپیش مسائل کی نشاندی کی اور ان کے حل کے لیے تجاویز پیش کی۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ورکرز فیڈریشن و سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسین نے کہا کہ پاکستان ورکرزفیڈریشن پاکستان بھر کے مزدوروں کی سب سے بڑی نمائندہ تنظیم ہے جس کا مقصد مزدوروں کی رنگ،نسل، مذہب سے بالاتر ہو کر خدمت کرنا ہے۔ ہم عالمی ادارہ محنت کے بے حد مشکور ہیں جنھوں نے پاکستان میں کام کرنے والے بھٹہ خشت مزدوروں کے حقوق سے متعلق آگاہی اور سماجی تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے پاکستان ورکرز فیڈریشن کی مدد کی۔ پاکستان میں بھٹہ خشت ایک صنعت ہے جس میں لاکھوں مزدور کام کررہے ہیں۔ اس سلسلے میں پاکستان ورکرز فیڈریشن نے چاروں صوبوں سمیت وفاق میں آگاہی مہم شروع کی ہوئی ہے جس سے ہزاروں مزدوروں کی ان کے حقوق کے بارے میں آگاہی دی جارہی ہے۔ قوانین کے موجود ہونے کے باوجود بھٹہ خشت مزدوروں کے بے شمار مسائل ہیں جن کی وجہ سے وہ غربت اور بے بسی کا شکار ہیں، بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں اور سماجی تحفظ کے اداروں میں رجسٹریشن بھی نہیں ہے۔

پاکستان ورکرز فیڈریشن رسمی شعبے کے مزدروں کے ساتھ ساتھ غیر رسمی شعبے کے مزدوروں کو بھی منظم کرنے کے حوالے سے کوشاں ہیں تا کہ مزدوروں کو قانونی تحفظ مل سکے۔ آخر میں انھوں نے وفاقی سیکرٹری برائے انسانی وسائل و سمندر پار پاکستانی، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ڈائریکٹر لیبر اسلام آباد اور متعلقہ اداروں کے حکام سے مطالبہ کیا کہ پاکستان بھر اور خصوصی طور پر اسلام آباد میں بھٹوں پر کام کرنے والے مزدوروں کے مسائل کو فوری حل کیا جائے اور سہہ فریقی مذاکرات کو فروغ دیا جائے۔لیبر قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنا یا جائے اور جن مزدوروں کے شناختی کارڈ نہیں ہیں ان کے قومی شناختی کارڈ فوری طورپر بنائے جائیں، بھٹہ خشت مزدوروں کی سماجی تحفظ کے اداروں میں رجسٹریشن کو یقینی بنانے کے لیے لیبر قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔ خصوصی طو ر پر افغان مہاجرین جو بھٹہ خشت میں کام کررہے ہیں ان کو درپیش مسائل بھی حل کیا جائیں۔

اس سلسلے میں پاکستان ورکرز فیڈڑیشن حکومتی اداروں، بھٹہ مالکان کے ساتھ مکمل تعاون کا یقین دلاتی ہے۔ اس کے بعد پروگرام میں شریک بھٹہ خشت مزدوروں نے پاکستان ورکرز فیڈریشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس تنظیم کے مشکورہیں جنھوں نے ہمارے حقوق کے حوالے سے آگاہی دی اور آواز اٹھائی۔ اور امید کرتے ہیں کہ پاکستان ورکرز فیڈریشن ہمارے دکھوں کی مداوا بنے گی اور ہمارے مسائل حل کرنے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ بھٹہ خشت مزدوروں کے حوالے سے قائد مزدور چوہدری محمد یسین کو پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker