
اسلام آباد (آئی پی ایس)پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد ریجن کے صدر علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود اسلام آباد انتظامیہ نے سابق وزیراعظم عمران خان، وکلا اور دیگر رہنماوں کو ڈاکٹر شہباز گل سے ملنے کی اجازت نہ دے کر توہین عدالت کی ہے
جمعہ کی شام پمز ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے کل اپنے حکم نامے میں واضح طور پر لکھا ہے کہ ڈاکٹر شہباز گل کے وکلا اور دوست احباب کو ان سے ملاقات سے نہ روکا جائے مگر پہلے مجھے اور بعد چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو رانا ثنا اللہ کے حکم پر روکا گیا جو سراسر توہین عدالت ہے ہم اس کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے انہوں نے کہا کہ جمعہ کو مقامی عدالت میں پیشی کے دوران شہباز گل سے آکسیجن ماسک چھین لیا گیا حالانکہ وہ دمہ کے دائمی مرض میں مبتلا ہیں ایسا ظلم تو بنانا ریپبلک میں بھی نہیں ہوتا
ہماری حکومت کے دوران نواز شریف کا کیس سامنے آیا تو نہ صرف عدالت نے ان کو ضمانت دی بلکہ وفاقی کابینہ نے انہیں باہر جانے کی اجازت دی انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت پاکستان کے نظام کا مذاق اڑا رہی ہے میڈیکل بورڈ کی طرف سے شہباز گل کو فٹ قرار دیے جانے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے علی نواز اعوان نے کہا کہ ڈاکٹرز پیشہ ورانہ بددیانتی کے مرتکب ہوئے ہیں جنہوں نے شہباز گل کو شدید بیماری کی حالت میں بھی فٹ قرار دیا۔