گلگت(آئی پی ایس)معاشرے میں جھوٹ، نفرت اور انتشار پھیلانے والے ہوجائیں ہوشیار۔خودکشی کو فرقہ وارانہ معاملہ بنا کر پیش کرنے میں ملوث افراد کا ڈیٹا پولیس نے حاصل کرلیا۔
چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کا اہم پیغام سے آگاہ کردیا جس میں وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید کہتے ہیں کہ گلگت بلتستان بھر میں 4G موبائل انٹرنیٹ سروس کو عام لوگوں کی مفید اور مثبت رابطے کی سہولت کے لیے بحال کر دیا گیا ہے۔کچھ عناصر معاشرے میں جھوٹ، نفرت اور انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وہ نوجوان کی بظاہر خودکشی کو فرقہ وارانہ معاملہ بنا کر پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔جی بی پولیس نے اس بارے میں کافی شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کا مزید کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور جو لوگ اس سہولت کا غلط استعمال کرتے ہوئے جھوٹی خبریں، نفرت انگیز مواد اور امن کو نقصان پہنچانے والی چیزیں پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں ان کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔