اسلام آباد(آئی پی ایس )سی بی اے کمیٹی انوائرمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے زیر اہتمام قائدین مزدور یونین کے اعزازمیں استقبالیہ تقریب کا انعقادکیاگیا جس میں پاکستان ورکرزفیڈریشن کے سیکرٹری جنرل و قائد مزدور یونین چوہدری محمد یسین،صدر اورنگزیب خان،چیئرمین راجہ شاکر زمان کیانی،سپریم ہیڈ صوفی محمود علی،چوہدری طارق گجر،چوہدری زاہد احمد،راجہ رئیس،ملک خلیل اعوان،چوہدری سفیر،راجہ بشارت،نمبردار لیاقت،چوہدری صغیر،قاری شیر عالم سیالوی،فیاض عباسی سمیت انوائرمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے سینکڑوں ملازمین نے شرکت کی
تقریب میں انوائرمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ملازمین نے اپ گریڈیشن کے بقایاجات دلوانے پر قائد مزدور یونین چوہدری محمد یسین اورانکی پوری ٹیم کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ مزدور یونین نے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی مزدوروں سے کیا گیاوعدہ پوراکر دیا ہے اور اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے کام صرف سی ڈی اے مزدور یونین کا ہی طرہ امتیاز ہے جس پر ہم اپنے قائدین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزدور یونین(سی بی اے)کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسین نے کہا کہ بلاشبہ مخلوق خدا کی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم نے اپنے عمل سے ثابت کیا ہے،ہم نے ہمیشہ اپنے ملازمین کو ایمانداری اور دیانتداری کے جذبے کے تحت اپنی خدمات سرانجام دینے کی تلقین کی اور ہمیشہ مذاکرات اور بات چیت کی سیاست پر یقین رکھا،رنگ و نسل سے بالاتر ہو کر محنت کشوں کے مسائل حل کیے،ہم نے ریفرنڈم میں کیے گئے وعدوں کو پایا تکمیل تک پہنچایا ہے اور انوائرمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ہزاروں ملازمین کو انکی اپ گریڈیشن کے بقایاجات دلوائے ہیں یقینا اس عمل سے مزدوروں کے گھروں میں خوشحالی آئے گی
اس موقع پر انھوں نے چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد،ممبر ایڈمنسٹریشن عامر عباس خان،ممبر فنانس رانا شکیل اصغر،ڈی جی انوائرمنٹ عرفان عظیم نیازی و سی ڈی اے انتظامیہ کا شکریہ اداکیا کہ جنہوں نے مزدوروں کے مسائل کے حل میں اپنا کرداراداکیا،اس موقع پر انھوں نے چیئرمین سی ڈی اے اور بورڈ انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ جس طرح سی ڈی اے افسران کو 150فی صد ایگزیکٹوالانس دیا گیا ہے اسی طرح سی ڈی اے کے تمام ملازمین کو بھی ایگزیکٹوالانس دیا جائے تاکہ تمام ملازمین کی مراعات میں پائے جانے والے تضادکا خاتمہ ہو سکے اور اس سلسلے میں جلد سے جلد سی بی اے کے ساتھ میٹنگ کی جائے تاکہ ملازمین میں تنخواہوں کے حوالے سے پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہو سکے
انھوں نے کہا کہ سابقہ سی بی اے نے ملازمین کے مسائل کو حل کرنے کی بجائے اپنے تین سالہ دورمیں لوٹ مار اور کرپشن کا بازارگرم کر رکھا تھا اور وہ اپنی دیہاڑیاں لگانے میں مصروف رہے جسکی وجہ سے ادارے کی ساکھ اور مزدورکاز کو کافی نقصان پہنچالیکن الحمد اللہ ہم نے بطور سی بی اے ایک سال کے قلیل عرصے میں ملازمین کے درینہ مسائل کو حل کروایا ہے اور آئندہ بھی اسی جذبے کے تحت اپنی عملی اور قانونی جدوجہد جاری رکھیں گے۔