
اسلام آباد(آئی پی ایس )پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور ترجمان غلام مصطفی ملک نے کہا ہے کہ چوہدری شجاعت حسین پاکستانی سیاست کا مثبت چہرہ ہیں ، ملک میں جب بھی مفاہمت کی ضرورت پڑی چودھری شجاعت حسین نے بھرپور کردار ادا کیا مخالفین بھی انکی سیاسی تدبر اور وضع داری کے قائل ہیں ، پارٹی رہنماوں اور تینوں صوبوں کی قیادت کی جانب سے چوہدری شجاعت حسین پر بھرپور اعتماد اور ان کی مکمل حمایت پر شکر گزار ہیں
اتوار کے روز مسلم لیگ خیبر پختونخوا کے صوبائی ترجمان صفدر خان باغی ، مسلم لیگ بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات برات جان اور مسلم لیگ سندھ کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات صادق شیخ سے گفتگو کرتے ہوئے غلام مصطفی ملک کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں پارٹی راہنماوں اور ورکروں کا چوہدری شجاعت حسین کی قیادت پر غیر متزلزل اعتماد اس بات کا ثبوت ہے کہ پوری جماعت شجاعت حسین کی پشت پر کھڑی ہے انہوں نے میڈیا ٹیم کو بتایا یکم اگست کو چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس میں مسلم لیگ سندھ کے صدر طارق حسن، خیبرپختونخوا کے صدر محبوب اللہ جان ، جنرل سیکرٹری وجیہہ الزمان خان ،گلگت بلتستان کے صدر دل فراز خان ،مسلم لیگ کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شکور مری بلوچستان ، مسلم لیگ شعبہ خواتین کی صدر مسز فرخ خان ،علما مشائخ ونگ کے صدر پیر چراغ الدین شاہ ، مسلم لیگ لیبر ونگ کے صدر یونس اعوان، ہیومن رائٹس ونگ کی صدر لبنی قریشی سمیت چاروں صوبوں کے عہدے داروں نے شریک ہو کر انکی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا
، جبکہ بعد ازاں مرکزی مجلس عاملہ نے اپنے اجلاس میں انکی قیادت پر بھرپور اعتماد کی قرار داد پیش کی جبکہ مسلم لیگ پنجاب کے غیر قانونی اجلاس سے اعلان لاتعلقی کیا، جبکہ 5 اگست کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنے فیصلہ میں چوہدری شجاعت حسین کی پارٹی صدارت کو قانونی تسلیم کرتے ہوئے 10 تاریخ کو لاہور میں نام نہاد الیکشن کے خلاف حکم امتناعی جاری کر دیا، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگی کارکنوں کے دل میں چوہدری شجاعت حسین کی بھرپور عزت اور مقام ہے اور وہ انکی قیادت پر متحد ہیں، غلام مصطفی ملک نے کہا کہ مشکل وقت میں ساتھ کھڑے ہونے والے کارکن پارٹی کا قیمتی سرمایہ ہیں ، انہیں بھرپور مقام اور عزت دیں گے،جلد ہی پارٹی کی نئی تنظیم سازی ہو گی، حقیقی کارکنوں کو عہدے دیے جائیں گے ۔ مسلم لیگ چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں مزید فعال اور متحرک ہو کر ملکی سیاست ، عوامی خدمت ، معاشی اور سیاسی استحکام میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی ۔ تینوں رہنماوں نے بتایا کہ انکی صوبوں کی تنظیم اور پارٹی ورکر چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں متحد ہیں اور بھرپور سیاسی کردار کے لیے پر جوش ہیں۔